83

پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 2 اگست کو طلب

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 2 اگست کو طلب کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کو بھی شرکت کی دعوت دے دی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 2 اگست کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگا۔

اجلاس کے ایجنڈے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی مینز اور ویمنز ٹیم کے علاوہ انڈر 16 اور انڈر 19 ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور پی سی بی چیئرمین کو تجاویز دی جائیں گی۔

پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کو بھی مدعو کیا گیا ہے اور ان سے ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے تجاویز اور تاثرات بھی طلب کیے جائیں گے۔

بیان کے مطابق اجلاس کی صدارت وسیم خان کریں گے اور دیگر شرکا میں سابق کپتان وسیم اکرم، مصباح الحق، ویمنز ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ اور کمیٹی کے سیکریٹری ذاکر خان، ڈائریکٹر اکیڈیمیز مدثر نذر اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید شامل ہوں گے۔

وسیم اکرم اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے جبکہ دیگر اراکین براہ راست موجود ہوں گے۔

خیال رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں قومی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی میں ناکامی کے بعد پہلی مرتبہ بورڈ کا اجلاس ہورہا ہے جہاں ٹیم کی کارکردگی پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔

کرکٹ کمیٹی ایک مشاورتی کمیٹی ہے جو پی سی بی چیئرمین کو تجاویز دیتی ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کمیٹی بورڈ میں تبدیلیوں کے حوالے سے اپنی تجاویز سے آگاہ کرے گی۔

یاد رہے سابق کپتان انضمام الحق معاہدے کے اختتام پر چیف سلیکٹر کے عہدے سے باضابطہ طور الگ ہوچکے ہیں اور اس عہدے کو مزید جاری نہ رکھنے کا اعلان کردیا ہے اور دوسری جانب ہیڈ کوچ کے حوالے سے بھی حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا ہے۔