80

چائنہ خیبرپختونخوا میں موبائل فون یونٹ لگانے کا خواہشمند

پشاور۔وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا سے چائنہ کی معروف موبائیل بنانے والی کمپنی ) OPPO) کے پاکستان میں چیف ایگزیکٹو آفیسر جارج لانگ(George Long)  نے وفد کے ہمراہ پشاور میں ایک اہم ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش بھی وزیر خزانہ کے ہمراہ ملاقات میں شریک تھے۔ملاقات میں OPPOکمپنی کی جانب سے خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے وزیر خزانہ کو خیبر پختونخوا میں پیداواری پلانٹ کے قیام کے بارے میں خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی پاکستان میں لوگوں کی جدید سمارٹ فون کی طلب کو پورا کرنے کے لئے مقامی سطح پر دستی موبائیل فون بنانے کے لئے خیبر پختونخوا میں ایک بڑے پیداواری یونٹ کے قیام میں دلچسپی رکھتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پیداوری پلانٹ کے قیام سے جہاں لوگوں کو مقامی سطح پر معیاری موبائیل فون فراہم ہوں گے وہاں اس صنعتی یونٹ میں 4 ہزار لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔وزیر خزانہ اور معاون خصوصی نے چینی کمپنی کی جانب سے خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کرنے اور پیداواری پلانٹ کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے کمپنی کو بھرپور تعاون اور ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے صوبے اور سرمایہ کار دونوں کو دور رس فوائد حاصل ہوں گے۔

وزیر خزانہ تیمور سلیم نے OPPO کمپنی کے حکام کو بتایا کہ پیداواری پلانٹ کے قیام سے متعلق وہ صوبائی حکومت کو اپنی ضروریات اور دیگر امور جہاں انہیں تعاون درکار ہو کے بارے میں صوبائی حکومت کو تفصیلی طور پرآگاہ کریں تاکہ اس ضمن میں متعلقہ محکمے چینی کمپنی کی پیشکش کے کار آمد ہونے کاجائزہ لے کراس کے بارے میں جوابی کاروائی مکمل کرسکیں۔OPPO کی ٹیم نے وزیر خزانہ اور معاون خصوصی کی جانب سے کمپنی کو بھرپور تعاون پیش کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کمپنی کی جانب سے اپنا پہلا پیداواری یونٹ خیبر پختونخوا کی مہمان نواز زمین پر قیام کی بھرپور خواہش کا اظہار بھی کیا۔