29

3ہزار پاکستانی روپے سے زائد باہر لیجانے پر پابندی

لاہور۔پاکستان کسٹمزنے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کردی جبکہ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر اس کی تشہیر بھی شروع کردی گئی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق 5 سال تک کے بچے کے لیے ایک ہزار سے 6 ہزار ڈالر تک سالانہ زرمبادلہ ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی جبکہ 5 سے 18 سال تک کے مسافر 5 سے 30 ہزار ڈالر تک سالانہ زرمبادلہ لے جاسکیں گے۔ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ 18 سال سے زائد عمر کے مسافر 10 سے 60 ہزار ڈالر سالانہ تک زرمبادلہ ساتھ لے جاسکتے ہیں۔تاہم محکمے کی جانب سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے ایکسپورٹ پالیسی پروسیجر آرڈر کے تحت کچھ پابندیاں بھی لگائی گئی ہیں۔

 جس کے تحت 3 ہزار پاکستانی روپے سے زائد باہر نہیں لے جاسکیں گے۔اس کے علاوہ سونا، چاندی، پلاٹینئم، ہیرے، جواہرات، نوادرات اور آثار قدیمہ سے متعلق اشیا ء ساتھ لے جانے پر پابندی ہوگی۔ساتھ ہی نشہ آور اشیاء، ملکی مفادات کے خلاف لٹریچر، ٹاکسک اور کیمیکل اجزاء، نقلی یا جعلی سامان بھی سفر میں ساتھ نہیں لے جاسکیں گے۔

وزارت دفاع کے این او سی کے علاوہ اسلحہ، ہتھیار، کیمیائی، ایٹمی تابکاری سے متعلق اشیا ء بھی سفر میں ساتھ لے جانا ممنوعہ ہوگا۔ایڈوائزری کے مطابق قرنطینہ سرٹیفکیٹ کے بغیر پالتو کتے، بلیاں بھی سفر میں ساتھ نہیں لے جاسکیں گے۔اس سلسلے میں وزیر اعظم کی ہدایت پر ایک کمپلینٹ ریڈریسل سیل بھی قائم کردیا گیا ہے۔