اسلام آباد۔ بائیو میٹرک نشانات مٹ جانے والے بزرگ افراد کے لیے شناختی کارڈز، موبائل سم اور بینک اکا ؤنٹ کے لیے بائیو میٹرک شرط ختم کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق بزرگ شہری کی شکایت پر وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا اور ان کی ہدایت پر نشانات مٹ جانے والوں کے لیے بائیو میٹرک کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بزرگ افراد کے لیے شناختی کارڈز، موبائل سم اور بینک اکانٹ کے لیے بائیو میٹرک شرط لاگو نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم آفس نے نادرا کو 30 روز میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر اعظم آفس، وزارت داخلہ اور نادرا کے مابین ٹاسک مینجمنٹ سسٹم قائم کردیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے نادرا کو متاثرہ شہریوں کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کا ٹاسک دیا ہے۔وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ ایسے افراد بڑی تعداد میں ہیں جن کے انگوٹھے کے نشانات مٹ چکے ہیں، ایسے افراد کی داد رسی کی جارہی ہے۔









