28

ہارر فلم دیکھتے ہوئے ایک شخص پراسرار طور پر ہلاک

ویسے تو بہت زیادہ ہارر فلمیں دیکھنا کمزور دل حضرات کے بس کی بات نہیں ہوتیں مگر تھائی لینڈ میں تو ایسا واقعہ پیش آیا جس نے سب کو ہلا کر رکھ دیا۔

جی ہاں گزشتہ دنوں ریلیز ہونے والی ہولی وڈ فلم اینابیل کمز ہوم کو سنیما میں دیکھتے ہوئے ممکنہ طورپر بہت زیادہ خوفزدہ ہونے کے باعث ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

یہ 77 سالہ شخص برطانیہ سے تعلق رکھتا تھا اور تعطیلات منانے کے لیے تھائی لینڈ میں موجود تھا اور حیران کن طور پر جب یہ شخص ہلاک ہوا تو اس کے ارگرد کسی کو بھی اس کا علم نہیں ہوسکا۔

جب فلم ختم ہونے کے بعد سنیما کی لائٹس آن کی گئیں تو اس وقت ہلاک ہونے والے شخص کے برابر میں بیٹھی خاتون کو کسی گڑبڑ کا احساس ہوا۔

تھائی لینڈ کے سیاحتی مقام پتایا میں یہ واقعہ پیش آیا تھا اور برطانوی میڈیا کے مطابق برنارڈ چیننگ نامی اس شخص کو مردہ پاکر اسے دریافت کرنے والی خاتون خوف سے کانپنے اور چیخنے لگی، جس پر سنیماہال میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ عملے نے فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو طلب کیا۔

ویسے بیشتر افراد کو معلوم نہیں کہ اینابیل نامی یہ گڑیا حقیقت میں بھی موجود ہے، بس اس کی شکل حقیقی گڑیا جیسی نہیں اور فلم میں اسے ناظرین کو ڈرانے کے لیے زیادہ خوفناک بنایا گیا ہے۔

حقیقی زندگی میں یہ گڑیا اتنی خوفناک نہیں مگر تصویر سے ہٹ کر بیشتر افراد اسے خطرناک ضرور قرار دیتے ہیں۔

وارن میوزیم میں بند حقیقی اینابیل— فوٹو بشکریہ ہولی وڈ رپورٹر

وارن خاندان کے میوزیم میں یہ گڑیا موجود ہے اور لورین وارن، جن کا رواں سال انتقال ہوا، نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ویسے تو یہ گڑیا دیکھنے میں خوفناک نہیں لگتی مگر اس کے گھس جانے والا شیطان اسے خطرناک بناتا ہے۔

باقی جہاں تک اس کے اندر روح گھسنے کی جو داستان فلموں میں دکھائی گئی، وارن خاندان کے مطابق وہ درست ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے ایک شیشے کی الماری کے اندر بند رکھا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ اس سیریز کی پہلی فلم اینابیل 2014 میں ریلیز ہوئی، جبکہ 2017 میں اینابیل: کریشئین سامنے آئی۔