48

ہشتم کے امتحانات بورڈ کے ذریعے کرانے کا اعلامیہ معطل

پشاور۔پشاور ہائیکورٹ نے آٹھویں، نویں اور دسویں جماعت کے بورڈ کے ذریعے امتحانات کرانے کا اعلامیہ معطل کرتے ہوئے سیکرٹری ایجوکیشن، ڈائریکٹر ایجوکیشن اور چیئرمین بورڈ کو نوٹس جاری کردیا کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس وقاراحمدسیٹھ اور جسٹس عبدالشکورپرمشتمل بنچ نے کی درخواست گزار کے وکیل محمد ارشاد مہمند نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے آٹھویں جماعت کا امتحان اگلے سال سے بورڈ کے ذریعے کرانے کا اعلامیہ جاری کیا ہے جبکہ نویں اور دسویں جماعت کا امتحان ایک ساتھ لیا جائے گا۔

جو کہ طلبا کے ساتھ ظلم ہے آٹھویں جماعت کے طلبا بھی اگلے سال بورڈ کے ذریعے امتحان دینے کے لئے تیار نہیں، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ آٹھویں جماعت کا امتحان بورڈ کے زریعے نہ کیا جائے اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کو معطل کیا جائے۔

عدالت نے آٹھویں جماعت کے بورڈ کے زریعے امتحان کرانے کا اعلامیہ معطل کر دیا عدالت نے میٹرک کا امتحان بھی ایک ساتھ لینے کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ معطل کردیا فاضل بینچ نے   سیکرٹری ایجوکیشن، ڈائریکٹر ایجوکیشن اور چیئرمین بورڈ کو نوٹس جاری کردیا  عدالت نے فریقین سے 17 جولائی تک جواب طلب کرلیا۔