39

حج آپریشن کا آغاز‘پہلی پروازمدینہ منورہ پہنچ گئی

لاہور۔حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا اور جمعرات کی الصبح پہلی نجی پرواز عازمین حج کو لے کر لاہور سے مدینہ منورہ پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سے مدینہ جانے والی پہلی پرواز 214 عازمین حج کو لے کر صبح 4 بج کر 45 منٹ پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے روانہ ہوئی۔حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر مذہبی امور سعید الحسن سمیت دیگر حکام نے عازمین حج کو رخصت کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعید الحسن نے کہا کہ عازمین کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، وہ مناسک حج کے دوران پاکستان کی سلامتی کیلئے بھی دعائیں کریں۔17 اگست سے حاجیوں کی واپسی شروع ہوگی اور پوسٹ حج آپریشن 14 ستمبر تک مکمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ رواں سال پی آئی اے کی 300 خصوصی پروازوں کے ذریعے 65 ہزار سے زائد عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

حج آپریشن کے سلسلے میں اسلام آباد ائیر پورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے جس کے تحت اسلام آباد ائر پورٹ کے 10 خصوصی کاؤنٹرز کو مدینہ اور جدہ ائر پورٹ سے لنک کردیا گیا ہے۔22 ہزار عازمین کی امیگریشن اور پری کلیئرنس اسلام آبادائرپورٹ سے ہی مکمل کی جائیگی۔

حکومت نے حجاج کو مجموعی طور پر 5 ارب روپے کے قریب رقم واپس کرنیکا فیصلہ کیا ہے، وزارت مذہبی امور کے مطابق فی حاجی 30 سے 50 ہزار روپے تک واپس کیے جائیں گے۔رقوم واپسی کا فیصلہ حتمی منظوری کے لیے وفاقی کا بینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔