84

انگلینڈ کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلیے 306 رنز کا ہدف

چیسٹرلی اسٹریٹ: ورلڈکپ کے اہم میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 

کرکٹ ورلڈکپ کے آج انتہائی اہم میچ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے جس میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور بیراسٹو نے کیا، دونوں اوپنرز نے ٹیم کو جارحانہ کھیل پیش کیا اور 132 رنز کی شراکت قائم کی تاہم جیسن رائے 60 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

ون ڈاؤن آنے والے جوئے روٹ نے صرف 24 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے جب کہ اوپنر بیراسٹو نے جارحانہ انداز میں سنچری مکمل کی اور 106 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ بہترین اوپننگ شراکت ملنے کے باوجود بعد میں آنے والے بلے باز بڑا ٹوٹل بنانے میں ناکام رہے، جوس بٹلر اور بین اسٹوکس 11،11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان اون مورگن بھی 42 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ، میٹ ہنری، جیمز نیشام نے 2،2 اور مائیکل سینٹنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 آج کا میچ پاکستان، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اگر نیوزی لینڈ آج کا میچ جیت گیا تو اور پاکستان نے جمعہ کو بنگلا دیش کو ہرادیا تو قومی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی اور انگلینڈ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا۔

انگلینڈ کے میچ جیتنے کی صورت میں انگلش ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی جب کہ قومی ٹیم کے لیے سیمی فائنل میں رسائی بہت مشکل ہوجائے گی، انگلینڈ کے میچ جیتنے کے بعد اگر پاکستان ٹیم بنگلا دیش سے میچ جیت جاتی ہے تو پھر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان رن ریٹ کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا۔ اس صورتحال میں لازم ہے کہ نہ صرف نیوزلینڈ انگلینڈ سے میچ بڑے مارجن سے ہارے بلکہ قومی ٹیم کو بنگلا دیش کو بھی بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگی۔