22

ڈی ایم سیز میں ایک جیسے نمبروں کا نوٹس

پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت نے ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ پشاور کے میٹرک نتائج میں بعض سکولوں کی ڈی ایم سیز میں ایک جیسے نمبروں کا نوٹس لیتے ہوئے بورڈ حکام کی غفلت پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اورمعاملے کی تحقیقات کے ساتھ ذمہ داروں کے تعین کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں۔

 چارسدہ مندنی میں واقعہ گورنمنٹ ہائی سکول کے دہم کے طالب علموں کو موصول شدہ ڈی ایم سیز میں تمام کو ایک جیسے نمبر دینے کا انکشاف ہوا تھا جس کا نوٹس صوبائی حکومت نے لیا ہے اور محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے چیئرمین تعلیمی بورڈ پشاور کو ایک خط تحریر کیا ہے۔

 جس میں مذکورہ صورتحال پر ان سے وضاحت طلب کر لی ہے اور انہیں حکم دیا ہے کہ وہ مذکورہ معاملے کو سنجیدہ لیں اور نہ صرف معاملے کی تحقیقات کریں بلکہ ذمہ داروں کا تعین بھی کیا جائے تاکہ متعلقہ افسروں یا اہلکاروں کے خلاف انضباطی کاروائی عمل میں لائی جا سکے خط میں چیئرمین کو فوری طور پرمذکورہ سکول کے طلبہ کو ٹھیک اور غلطیوں سے پاک ڈی ایم سیز کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔