60

روز مرہ استعمال کی اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ

اسلام آباد۔حکومت نے 569 اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھا دی،اب موبائل فون ہو یا گاڑی،اسلحہ،جیولری اور پرفیوم سب مہنگا ملے گا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیونے بہت سی درآمدی اشیا پراضافی ڈیوٹی وصول کرنا شروع کردی۔سونے کے بعد خواتین کے لیے نقلی زیورات اور جیولری خریدنا بھی مشکل ہو گیا۔ پھلوں کا جوس، شہد، خشک میوہ جات، کافی، صابن، پرفیوم اور کپڑوں کی قیمت میں بھی پچاس فیصد تک اضافہ کر دیا گیا۔

اسی طرح پنیر اور دہی پر بھی اضافی درآمدی ڈیوٹی عائد ہو گئی ہے۔ موبائل فونز ساڑھے سولہ ہزار روپے تک مہنگے ہوں گے۔بیرون ملک سے آنے والی گاڑیوں کی قیمتوں میں ستر سے نوے فیصد درآمدی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ سائیکل منگوانے پر بھی دس فیصد ڈیوٹی دینا ہو گی۔ پانچ سو انہتر درآمدی اشیا کی قیمتوں میں نوے فیصد تک اضافہ کر دیا گیا۔

30 ڈالر مالیت والے موبائل فون پر 165 روپے ڈیوٹی عائد کی گئی ہے جبکہ 30 سے 100 ڈالر مالیت والے موبائل فون پر 1620 روپے ڈیوٹی عائد ہو گی۔اسی طرح 100 سے 200 ڈالر مالیت والے موبائل فون پر 2430 روپے، 200 سے 350 ڈالر مالیت والے موبائل فون پر 3240 روپے اور 350 سے 500 ڈالر مالیت والے موبائل فون پر 9450 روپے ڈیوٹی عائد ہو گی۔حکومت کی طرف سے 500 ڈالر سے زائد مالیت والے موبائل فون پر 16 ہزار 650 روپے ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔

اسی طرح 1000 سے 1300 سی سی انجن والی گاڑیوں پر 15 فیصد ڈیوٹی عائد کی گئی ہے جب کہ 1800 سے 3000 سی سی انجن والی استعمال شدہ گاڑیوں پر 70 فیصد جبکہ نئی گاڑیوں پر 90 فیصد ڈیوٹی عائد ہو گی۔3000 سی سی سے زائد انجن والی گاڑیوں پر 70 فیصد ڈیوٹی جبکہ پرانی آل ٹیرین وہیکلز کی درآمد پر 70 فیصد جبکہ نئی پر 90 فیصد ڈیوٹی عائد ہو گئی ہے۔

 

ایف بی آر نے سائیکلوں کی درآمد پر 10 فیصد ڈیوٹی اور کلائی والی گھڑیوں کی درآمد پر بھی 30 فیصد ڈیوٹی عائد کی ہے۔آٹومیٹک اور سیمی آٹومیٹک پسٹل پر 20 فیصد جبکہ بندوقوں پر 25 فیصد ڈیوٹی عائد ہو گی۔ اسی طرح فلموں کی درآمد پر 3000 روپے فی منٹ ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی جا چکی ہے جب کہ پنیر اور دہی کی درآمد پر بھی 50 فیصد ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔

خواتین کے زیراستعمال آرٹیفیشل جیولری یعنی نقلی زیورات پر بھی مہنگی کر دی گئی ہے، ایف بی آر نے آرٹیفیشل جیولری کی درآمد پر 45 فیصد ڈیوٹی عائد کر دی ہے۔فروٹ جوس کی درآمد پر 60 فیصد اور شہد کی درآمد پر 30 فیصد ڈیوٹی عائد کی گئی ہیجب کہ خشک میوہ جات پر 20 فیصد، کافی پر 15 فیصد اور صابن پر 20 فیصد ڈیوٹی عائد کی گئی ہے،پرفیومز پر 50 فیصد، کپڑے پر 10 فیصد، اور وال پیپر پر 30 فیصد ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔