40

معاشی بحران سے ابھی نکلے نہیں ہیں، مشیر خزانہ

اسلام آباد: مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ جب حکومت ملی تو معاشی بحران کی کیفیت تھی جس سے ابھی نکلے نہیں ہیں۔

اسلام آباد میں حکومت کی معاشی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ بجٹ اچھے انداز میں پاس ہوا، بجٹ کا محور پاکستان کی عوام ہیں، کسی بھی اچھائی کا ایک ہی پیمانہ ہے کہ وہ عوام کے لیے کتنی بہترہے، ملکی برآمدات خطرناک حد تک گر چکی تھی، بجٹ میں ایسے اقدامات کیے ہیں جس سے کرنٹ اکاونٹ خسارا کم ہوگا، کرنٹ اکاؤ نٹ خسارے کو کم کرنے کیلیے ٹیرف کو بڑھایا۔

حفیظ شیخ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہر چیز میں شفافیت لائی جائے، اقتصادی صورتحال کو بغیر چھپائے عوام کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ماضی کے لیے ہوئے قرضوں پر سود کی ادائیگی ہمیں کرنی ہیں جس کے لیے قطر سے3 بلین ڈالر کا معاہدہ ہوا، 50 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے ہیں، 9.2 بلین ڈالر چین، سعودی عرب اور یو اے ای سے لیے ہیں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے حکومتی اخراجات کو کم کرنے کا فیصلہ کیا، حکومتی اخراجات میں 50 ارب روپے کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کفایت شعاری مہم کی شروعات اوپر سے ہوتی ہے۔