38

وزیر اعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان سے افغان صدر اشرف غنی نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

عمران خان کی دعوت پر افغان صدر 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے، جہاں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے ان کا استقبال کیا، افغان صدر اشرف غنی کے ہمراہ وزرا، مشیران، سینئر حکام اور کاروباری افراد سمیت ایک اعلیٰ سطح کا وفد موجود ہے۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور دیگر حکام نے افغان صدر کا استقبال کیا—اسکرین شاٹ

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور دیگر حکام نے افغان صدر کا استقبال کیا—اسکرین شاٹ

ایئرپورٹ آمد کے بعد افغان صدر کو وزیر اعظم ہاؤس لایا گیا، جہاں ان کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے ان سے حکومتی اراکین کا تعارف کروایا۔

بعد ازاں وزیر اعظم اور افغان صدر میں ملاقات ہوئی، جس میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں افغان صدر سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی ملاقات کی اور افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

Embedded video

 

 رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے لیے خلوص، نیک نیتی اور کھلے دل کے ساتھ مصالحتی کردار ادا کرتا رہے گا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ نتیجہ خیز مذاکرات پر زور دیا ہے اور اسے یقین ہے کہ یہ افغانستان میں پائیدار قیام امن کے لیے واحد راستہ ہے کیونکہ افغان عوام نے ملک میں طویل عرصے سے جاری عدم استحکام کے باعث مشکلات کا سامنا کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان صدر کے دورے سے دونوں ملک قریب آئیں گے اور دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے۔

وزیر خارجہ نے وفد کے ہمراہ افغان قیادت سے ملاقات کی—فوٹو: حکومت پاکستان

دوران گفتگو فریقین نے دونوں ممالک کے عوام کی بہتری اور فلاح بہبود کے لیے امن اور بھائی چارے کی حکمت عملی پر عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا۔

ساتھ ہی رہنماؤں نے دوطرفہ معیشت تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے اور مواصلات توانائی، ثقافت اور عوامی رابطوں کے لیے تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ اپنے اس دورے کے دوران افغان صدر وزیراعظم عمران خان سے وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے، جس میں دونوں فریقین سیاست، تجارت، معیشت، سیکیورٹی، امن، بحالی، تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

اشرف غنی اس دورے کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات بھی کریں گے۔

اس کے بعد اشرف غنی لاہور بھی جائیں گے جہاں وہ بزنس فورم میں شرکت کریں گے جس میں دونوں ممالک سے کاروباری نمائندگان شریک ہوں گے۔

یہ افغان صدر کا پاکستان کا تیسرا دورہ ہے جو حال ہی میں امن و استحکام کے لیے افغانستان ۔ پاکستان ایکشن پلان کے پہلے جائزہ اجلاس کے بعد کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور افغانستان کے صدر اشرف غنی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے خطے میں امن قائم کرنے کی کوششوں کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اس رابطے میں پاکستان اور افغانستان نے اپنے جغرافیائی محل وقوع سے فائدہ اٹھا کر علاقائی روابط کو بڑھانے، سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے حقیقی اقتصادی قوت استعمال کرنے، غربت کے خاتمے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا تھا۔