85

کرکٹ ورلڈکپ؛ آسٹریلیا کا انگلینڈ کو جیت کے لیے 286 رنز کا ہدف

 لندن: ورلڈکپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 286 رنز کا ہدف دیا ہے۔

کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں آج اہم میچ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جارہا ہے جس میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے، آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے پراعتماد انداز میں کیا، دونوں اوپنرز نے 123 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد وارنر 53 رنز بنانے کے بعد معین علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

ون ڈاؤن آنے والے عثمان خواجہ صرف 23 رنز ہی بناسکے اور آؤٹ ہوگئے تاہم آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے شانداز کھیل کا مظاہرہ کیا اور سنچری مکمل کی، ایرون فنچ کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ نے آسٹریلوی بلے بازوں کو زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ رہنے دیا، آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیو اسمتھ اور الیکس کیرے نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم اسمتھ 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ الیکس کیرے نے ناقابل شکست 38 رنز بنائے۔

انگلش بولرز نے اننگز کے آخری 15 اوورز میں زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز ہی بناسکی۔

واضح رہے کہ آج کا میچ نہ صرف انگلینڈ بلکہ قومی ٹیم کے لیے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے، انگلینڈ کے میچ جیتنے کی صورت میں قومی ٹیم کے لیے سیمی فائنل تک رسائی مشکل ہوجائی گی جب کہ انگلینڈ کی ہار کی صورت میں پاکستانی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات مزید روشن ہوجائیں گے۔