153

اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کل ہو گی

اسلام آباد۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے زیر اہتمام اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (کل)بدھ کو ہوگی۔تفصیلات کے مطابق چند روز قبل قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی جس میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اے پی سی بلانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات میں رواں ماہ کے آخر میں اے پی سی بلانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔اب مولانا فضل الرحمان کی زیر اہتمام (کل)26 جون کو اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی ہوگی جس میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت اپوزیشن جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان اے پی سی کی سربراہی کریں گے جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بھی شریک ہوں گے۔اے پی سی میں چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی، بجٹ منظوری روکنے سے متعلق معاملات پر مشاورت ہو گی۔ اس کے علاوہ اے پی سی میں حکومت مخالف تحریک اور لاک ڈاؤن کے فیصلے پر غور ہو گا۔