75

ورلڈکپ:افغانستان کا بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ

ورلڈکپ کے دوران گروپ اسٹیج میں افغانستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ہمپشائر میں کھیلا جانے والا یہ میچ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے میچ بنگلہ دیش کے لیے انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔

واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر افغانستان کی ٹیم تو آخری نمبر پر ہے لیکن بنگلہ دیش کی ٹیم 5 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے جبکہ اپنے آئندہ تمام میچز جیت کر یہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتی ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم نے اب تک ایونٹ میں 6 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 2 میں اسے کامیابی ملی اور 3 مرتبہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔

دوسری جانب افغانستان کی ٹیم کے لیے ورلڈکپ اچھا نہ رہا اور اس ٹیم نے اب تک 6 میچز کھیلے اور تمام میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

دونوں ٹیموں میں 2، 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں افغانستان نے حضرت اللہ زازئی اور آفتاب عالم کی جگہ دولت زادران اور سمیع اللہ شنواری کو شامل کیا ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم میں ربیل حسین اور شبیر رحمٰن کی جگہ محمد سیف الدین اور ربیل حسین کو شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس دونوں ٹیمیں ایشیا کپ میں 2 مرتبہ آمنے سامنے آئیں تھیں جہاں ایک میچ میں بنگلہ دیش جبکہ ایک میں افغانستان کامیاب رہا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ورلڈکپ میں ہونے والے اس میچ میں بھی سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔