43

پاکستا ن اور قطر سیاسی اور معاشی پارٹنر شپ بڑھانے پر متفق

اسلام آباد۔پاکستا ن اور قطر نے سیاسی اور معاشی پارٹنر شپ بڑھانے، ایل این جی اور ایل پی جی، توانائی اور تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان اور قطر کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں گزشتہ رات دو طرفہ تعلقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہاگیاکہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی دو روزہ سرکاری دورہ پر اسلام آباد پہنچے۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد بن الثانی کے درمیان ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

 اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان۔قطر بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو مزید قریب تر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور سیاسی و اقتصادی کی شراکت داری کے مزید فروغ کیلئے تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیادیگر امور میں  دوطرفہ تجارت، زراعت اور خوراک کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے، ایل این جی ایل پی جی  اور تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار  کے شعبوں سمیت توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے، سیاحت و میزبانی کی صنعتوں میں قطر کی سرمایہ کاری کے فروغ، قطر میں برسر روزگار پاکستانی افرادی قوت میں اضافے، ہوا بازی، بندرگاہوں کے امور، اعلیٰ تعلیم اور دفاع و دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

 اعلامیہ کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ قائدین میں جن تجاویز پر اتفاق ہوا ہے انہیں ٹھوس اور عملی شکل دینے کیلئے متعلقہ وزراء اپنے متعلقہ شعبوں میں مذاکرات کے عمل کوآگے بڑھائیں گے۔ اعلامیہ میں کہاگیاہکدونوں اطراف سے علاقائی صورتحال اور افغان امن عمل میں تعاون کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد پاکستان اور قطر کے درمیان  درج ذیل مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔

 پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل کی مفاہمت پر دستخط کئے گئے،سیاحت اور تجارت کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت اور فنانشل انٹیلی جنس سے متعلقہ  منی لانڈرنگ، اس سے منسلک جرائم اور دہشت گردی کی فنانسنگ کی انسداد کیلئے فنانشل انفارمیشن یونٹ آف قطر اور فنانشل مانیٹرنگ یونٹ آف پاکستان کے درمیان تعاون کی مفاہمت کی یاداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔ 

خصوصی خیرسگالی کے طور پر امیر قطر نے وزیراعظم کو قطر کی قومی فٹ بال ٹیم کی شرٹ پیش کی اور وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ کرکٹ بیٹ وصول کیا۔