52

امریکہ کا ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

واشنگٹن۔امریکہ (آج) پیر  کو  ایران پر اہم اضافی پابندیاں عائد کریگا،امریکہ کے صدر ڈونلڈٹرمپ نے کہا ہے کہ  اگر ایران ایٹمی ہتھیاروں کو ترک کرنے پر اتفاق کرے تو اس سے دوستی میں دلچسپی رکھتے ہیں، فوجی حملے کو منسوخ کرنے کے اپنے فیصلے سے مطمئن  ہوں، میں  جنگی جنون نہیں رکھتا۔امریکی صدر ٹرمپ نے (آج) پیر کے روز سے ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں دعوی کیا کہ عائد ہونے والی نئی پابندیوں سے ایران کیلئے جوہری ہتھیاروں کا حصول مشکل ہو جائیگا۔ ایرانی میڈیا  کے مطابق ایران کے خلاف امریکی صدر کا یہ دعوی ایسے میں سامنے آیا ہے کہ جب جوہری توانائی کے عالمی ادارے نے اب تک اپنی 15 رپورٹوں میں ایران کے جوہری پروگرام کے پرامن ہونے اور ایران کی جانب سے اپنے وعدوں پر عمل کرنے کی پابندی کی تائید و تصدیق کی ہے۔

امریکہ نے جوہری معاہدے سے یکطرفہ طور پر علیحدگی اختیار کرنے کے بعد ایران پر دباو ڈالنے کیلئے سخت ترین پابندیاں عائد کیں۔ تاہم امریکہ اب تک اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔