33

خیبر پختونخوا اسمبلی میں اراکین کا انوکھا احتجاج

پشاور۔خیبرپختونخوااسمبلی میں جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین نے سپیکرڈیسک کے سامنے کھڑے ہوکر ہاتھوں کی زنجیربناتے ہوئے بجٹ میں نظرانداز کئے جانے کے خلاف انوکھا احتجاج ریکارڈ کروایا ضلع کرک سے ایم ایم اے کے رکن میاں نثارگل کاکاخیل نے صوبائی بجٹ پر بحث کے دوران گلہ کیاکہ ہردورمیں جنوبی اضلاع کے ساتھ سوتیلی ماں جیساسلوک ہوا ہے اورمالی سال2019-20ء کے صوبائی بجٹ میں جنوبی اضلاع کویکسرنظرانداز کیاگیاہے۔

 اسکے علاوہ رائلٹی کی مد میں بھی ہمیں ہمارے حق سے محروم رکھاجارہاہے جنوبی اضلاع کے قدرتی وسائل سے مقامی علاقوں کی بجائے پوراملک فائدہ اٹھارہاہے اگر بجٹ کے پاس ہونے تک جنوبی اضلاع بالخصوص کوہاٹ ڈویژن کو اپنے حقوق نہ دئیے گئے تو دھرنادیکر جنوبی اضلاع سے فراہم کی جانے والی خام تیل اورگیس کی فراہمی کوبندکردینگے اپنی تقریرکے اختتام پر وہ اسمبلی ڈیسک کے آگے کھڑے ہوگئے جس کاساتھ دیتے ہوئے جنوبی اضلاع کے دیگرایم پی ایز احمدکریم کنڈی،محمودبیٹنی،لطف الرحمن اور شیراعظم وزیربھی انکے پاس پہنچ گئے۔

 جنہوں نے ہاتھوں کی زنجیربناتے ہوئے اپنااحتجاج ریکارڈ کیا اس موقع پر صوبائی وزراء سلطان محمد اور تیمورسلیم جھگڑا اپنی نشستوں سے اٹھے اورناراض ایم پی ایز سے اپنی نشستوں پربیٹھنے کی درخواست کی جس کے بعد جنوبی اضلاع کے ایم پی ایز واپس اپنی نشستوں پربیٹھ گئے