48

ایف اے ٹی ایف اعلامیہ پر بھارتی بیان مسترد

اسلام آباد۔پاکستان نے ایف اے ٹی ایف اعلامیہ پر بھارتی بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ  بھارت کا بیان غیر ضروری اور ایک مخصوص سوچ کی عکاسی ہے،  امید کرتے ہیں کہ ایف اے ٹی ایف بھارت کی جانب سے اس عمل کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کو مسترد کرے گی۔ہفتہ کو  ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا  تھا کہ ایف اے ٹی ایف اعلامیہ پر دیئے گئے بھارتی بیان کو مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارت کا بیان غیر ضروری اور ایک مخصوص سوچ کی عکاسی ہے، پاکستان نے اپنے خدشات ایف اے ٹی ایف سے شیئر کئے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ایف اے ٹی ایف اس سے واقف ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ ہم  امید کرتے ہیں کہ ایف اے ٹی ایف بھارت کی جانب سے اس عمل کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کو مسترد کرے گی۔

بھارت کی پاکستان کو معاشی نقصان پہنچانے کی کوششیں  ناکام ہوگئی ہیں اور پاکستان ایف اے ٹی ایف (فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس) کی  بلیک لسٹ سے بچ گیا ہے۔ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ سے بچانے کیلئے تین اہم دوست ممالک ترکی، چین اور ملائیشیا کی حمایت حاصل کرلی ہے اور بھارت کا راستہ روکنے کیلئے جارحانہ سفارتکاری اپنائی گئی۔

پاکستان کی کامیابی بھارت کو ایک آنکھ نہ بھائی اور بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان جاری ہوا کہ پاکستان دہشت گردی کے سدباب کے لئے ٹھوس اقدام کرے اور دہشت  گردوں کی مالی معاونت روکے، جس پر دفترخارجہ کی جانب جاری بیان میں پاکستان نے ایف اے ٹی ایف اعلامیہ پر دیئے گئے بھارتی بیان کو مسترد کردیا ہے۔