32

پشاور پلاسٹک شاپنگ بیگ کے خلاف میگا کریک ڈاؤن

پشاور۔ضلعی انتظامیہ کا پشاور بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری۔سرکاری چھٹی اتوارکے روز حیات آباد صنعتی زون میں پلاسٹک شاپنگ بیگ بنانے والی فیکٹریوں اور اشرف روڈ پر ہول سیل ڈیلرز کے خلاف میگا کاروائی کر تے ہوئے ہزاروں کلو پلاسٹک شاپنگ بیگ کو سرکاری تحویل میں لیتے ہوئے تین فیکٹریوں کو سیل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر پی ڈی اے رضوانہ ڈار نے محکمہ ماحولیات کے افسران کے ہمراہ حیات آباد صنعتی زون میں پلاسٹک پولیتھین شاپنگ بیگ بنانے والی تین فیکٹریوں کو سیل کر تے ہوئے ہزاروں کلو شاپنگ بیگ کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن ون نجید اللہ اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت اللہ خان نے محکمہ ماحولیات کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نظام الدین اور ٹاؤن ون کے ٹی او آر ایاز درانی کے ہمراہ اشرف روڈ پلاسٹک شاپنگ بیگ ہول سیل مارکیٹ پر کریک ڈاؤن کر تے ہوئے ہزاروں کلو شاپنگ بیگ کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔ 

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر آصف اقبال نے کو ہاٹ روڈ اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمان نے یونیورسٹی روڈ پر مختلف دکانداروں سے پلاسٹک شاپنگ بیگ کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔ واضح رہے کہ پلاسٹک شاپنگ بیگ پر صوبائی حکومت نے پابند ی عائد کی ہوئی ہے اور ضلعی انتظامیہ پشاور ان احکامات کی روشنی میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے خلاف کاروائیوں میں مصروف ہے۔

 ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجر برادری کو خبر دار کیا ہے کہ وہ پولیتھین پلاسٹک شاپنگ بیگ کے متبادل قابل تحلیل شاپنگ بیگ استعمال کریں بصورت دیگر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں موقع پر موجود پلاسٹک شاپنگ بیگ کو قبضے میں لیتے ہوئے مالکان کو جیل بھی بھجوایا جائے گا اور اس ضمن میں تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں