84

جنوبی وزیرستان میں پہلی مرتبہ پولیس سٹیشن

وزیرستان۔صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے جنوبی وزیرستان میں پہلی مرتبہ پولیس اسٹیشن قائم کردیا گیا۔جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں وانا فورٹ کو تبدیل کرکے علاقے میں پہلی مرتبہ پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا۔وانا فورٹ پہلے فرنٹیئر کوپ (ایف سی) کے استعمال میں تھا، جس کے خالی ہونے کے بعد پولیس نے اسے تھانے میں تبدیل کرکے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ قائم ہونے والے پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ طور پر پولیسنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے جبکہ اسٹیشن ہاس افسر (ایس ایچ او) سمیت دیگر عملہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔

ادھر خیبرپختونخوا پولیس کے ترجمان شہزادہ فاروق کوکب نے کہا ہے کہ  علاقے میں یہ پہلا پولیس اسٹیشن ہے اور تمام اسٹاف کی ضروریات کے ساتھ تمام امور پر فعال ہیں، اسی طرح فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کا اندراج بھی شروع کردیا گیا ہے۔ترجمان خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق جنوبی وزیرستان میں پولیسنگ کے عمل کا آغاز ہونا ایک خوش آئند بات ہے اور اسی سے علاقے میں امن قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ضم اضلاع میں پولیسنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے جبکہ صلاحیت میں بہتری کے لیے پولیس فورس کی تربیت جاری ہے، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ضلع خیبر میں بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) کے پہلے بیچ نے اپنی تربیت مکمل کرلی۔