48

اے این پی کی عید کے بعد احتجاج کی تیاریاں تیز

پشاور۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے9جون کو مہنگائی کے خلاف صوبے کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے تمام ضلعی تنظیموں کو سختی سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام دشمن حکومت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہر جگہ آواز اٹھائی جائے گی، ایمل ولی خان نے کہا کہ احتجاج کے حوالے سے تمام ضلعی تنظیمیں باچا خان مرکز  کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور احتجاج کو بھرپور و منظم انداز میں کامیابی کیلئے تمام مکاتب فکر کو لوگوں کو اس میں شمولیت کی دعوت دیں تاکہ عوامی قوت کے ذریعے موجودہ مسلط حکمرانوں کو عوام دشمن پالیسیون پر مبنی فیصلے واپس لینے پر مجبور کیا جا سکے، ایمل خان نے کہا کہ موجودہ حکمران ”مہنگائی بمبار“ ہیں،اور عوام پر مہنگائی کے اتنے خود کش حملے کئے گئے ہیں کہ لوگوں میں اب اٹھنے کی سکت باقی نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی کی تمام ذیلی تنظیمیں بھی مہنگائی کے خلاف احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات کام کریں اور تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اس آواز سے آواز ملانے کی دعوت دیں،انہوں نے کہا کہ حکمران بیرونی اشاروں پر  روزانہ عوام پر نت نئے بوجھ ڈال رہے ہیں جس سے غریب کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ صوبائی تنظیم تمام اضلاع  پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے،اضلاع پر لازم ہے کہ وہ اس تاریخی جدوجہد کی کامیابی کیلئے صوبائی تنظیم و باچا خان مرکز سے مسلسل رابطے میں رہیں، ایمل ولی نے کہا کہ اے این پی عوامی مفاد کے اس اہم مسئلے پر صوبے کے کونے کونے میں عوام کے درد کی آواز بنے گی اور مسلط حکمرانوں کو عوام کے تعاون سے عوامی قوت کے ذریعے غریب کش پالسیاں ترک کرنے پر مجبور کر دے گی۔