77

ورلڈکپ: انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ

ورلڈکپ کے اپنے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج میں کھیلا جانے والا یہ میچ پاکستان ٹیم کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جہاں وہ ورلڈکپ میں اپنی کامیابیوں کا سلسلہ شروع کرنا چاہتی ہے۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یہ وکٹ بیٹنگ کے لیے ساز گار ضرور ہے لیکن اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے باؤلنگ ہی کرتے۔

پاکستان ٹیم میں حارث سہیل اور عماد وسیم کی جگہ شعیب ملک اور آصف علی کو شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے پہلے میچ میں 7 وکٹوں سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس کے علاوہ انگللینڈ کی ٹیم نے عالمی کپ میں اپنے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست دے کر کامیابی کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا تھا۔

سرفراز احمد انگلینڈ کے خلاف فتح کے لیے پُر امید ہیں کہتے ہیں کہ اب مداحوں کو قومی ٹیم کی جانب سے بہتر کھیل دیکھنے کو ملے گا۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں شکست کے باوجود ٹیم ایونٹ میں دوبارہ واپسی کرے گی، ہمیں پہلے میچ پر سوچنے کی ضرورت نہیں، ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو میچز جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔