41

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار

ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جب کہ محکمہ صحت پنجاب نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ملک کے بیشتر علاقے اس وقت جھلسا دینے والی گرمی کی لپیٹ میں ہیں، پنجاب، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور سندھ میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جب کہ قیامت خیز گرمی نے شہریوں کو بے حال کرکے رکھ دیا ہے۔

دوسری جانب گرمی کی بڑھتی ہوئی شدت کے باعث محکمہ صحت پنجاب نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے، ڈی جی ہیلتھ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی شدت سے بچے اور بزرگ افراد ہیٹ سٹروک کا شکار ہو سکتے ہیں، گرمی کی شدت میں اضافہ،سر درد، چکر، بلڈ پیشر اور غنودگی ہیٹ اسٹروک کی علامات ہو سکتی ہیں لہذا دھوپ میں نکلتے وقت سر کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں آج درجہ حرارت 45 سے 47 اور سکھر میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جب کہ کراچی میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔ چیف میٹرولوجسٹ کراچی عبدالرشید کا کہنا ہے کہ گرمی کی حالیہ لہر عید الفطر  پر بھی برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں موسم مزید گرم ہوگا جب کہ  گرم ہوائیں بھی چلیں گی، اس بار عید کے پہلے 2 روز بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔