133

عید میں 3ہزار پولیس اہلکار خصوصی ڈیوٹی پر مامور

پشاور۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے عید الفطر کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان جاری کر دیا سی سی پی او کے دفتر سے جاری ہونے والے پلان کے مطابق عید کے ایام میں 3 ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے جبکہ پولیس نفری کی کمی کو مد نظر رکھتے ہوئے اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

 سکیورٹی پلان کے مطابق شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر رائیڈر اور پولیس موبائل گشت میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی بھی سخت کر نے کی ہدایت کی گئی ہے، شہر کے تمام اہم بازاروں اور شاہراہوں پر اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ شہر میں مشتبہ اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی خاطر سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا۔

 شہر کے تمام حساس مقامات اور سرکاری عمارات پر بھی اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے سی سی پی او کے دفتر سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق شہر بھر کے تمام عید گاہوں اور حساس مساجد سمیت تفریحی مقامات، اہم دفاتر، بازاروں اور بس سٹینڈز کے علاوہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے تین ہزارسے زائد افسران و اہلکار تعینات کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

 ہفتہ کے روز جاری ہونے اعلامیہ کے مطابق شہر کے گنجان آباد بازاروں میں سنیفرڈاگز، لیڈیز پولیس اہلکار اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے علاوہ سٹی پٹرولنگ فورس اور پولیس بکتر بند گاڑیاں بھی گشت کریں گی، اعلامیہ کے مطابق تمام اہم بازاروں میں گھڑ سوار اہلکاروں کے علاوہ سپیشل کمبیٹ یونٹ کے اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے، عید الفطر کے دوران شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطرشہر کے داخلی و خارجی راستوں پر 101 مقامات پر خصوصی ناکہ بندیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اسی طرح شہر کے معروف خواتین بازاروں میں اضافی لیڈیز پولیس تعینات کر دی گئیں ہیں جو رات 12 بجے تک ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گی، پلان کے مطابق عید الفطر کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور سکیورٹی کو جامع بنانے کی خاطر تمام ڈویژنل ایس پیز کو سرائے اور ہوٹلوں میں قیام پذیر افراد پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہر کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی خاطر شہر کے اطراف میں انفارمیشن بیسڈ خصوصی ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، اسی طرح نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات سمیت عید گاہوں اور شہر کے تمام حساس مساجد کو بھی فول پروف سکیورٹی فراہم کرتے ہوئے سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔