81

خیبر پختونخوا میں پولیو متاثرین کی تعداد 14ہو گئی

پشاور۔ قومی ادارہ صحت نے ضلع بنوں کے علاقہ بیزن خیل کے ڈیڑھ سالہ بچے کے پولیو وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی ہے جس کے بعدسال رواں کے دوران خیبر پختو نخوا میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 14جبکہ ملک بھر میں 20ہوگئی ہے خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں کے علاقہ بیزن خیل میں ماہ رواں کے دوسرے ہفتہ میں و حید اللہ نامی شخص کے ڈیڑھ سالہ بچے مخلص کے پولیو وائرس سے متا ثر ہونے کے آثار سامنے آئے جس پراس کے فضلہ کے نمونے لیبارٹری تجزیہ کے لئے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی لیبارٹری بھجوائے گئے۔

 جہاں سے موصول ہونے والی تفصیلی تجزیہ رپورٹ میں قومی ادارہ صحت نے مخلص کے پولیو وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کردی بیزن خیل بنوں کے اس متاثرہ بچے کے چچا کے مطابق اس بھتیجے مخلص کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کی کوئی خوراک نہیں دی گئی تھی سال 2019ء کے دوران صوبہ خیبرپختونخوا میں سامنے آنے والا پولیو کا یہ14واں کیس ہے جبکہ قومی ادارہ صحت کی جانب سے اس کیس کی تصدیق کے بعد سال رواں کے دوران ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد20ہوگئی ہے۔