81

چین کا ایران کے ایٹمی معاہدے سے الگ نہ ہونے کا فیصلہ

بیجنگ۔چینی وزیرخارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ چین ایران کے ایٹمی معاہدے کا تحفظ کرتا ہے، ایرانی معاہدے پر تنازعات کا بنیاد ی سبب کثیرالجہت پسندی اور یک طرفہ پسندی کے مابین مقابلہ ہے،کثیرالجہت پسندی تاریخ کی درست سمت ہے،چین کا ایران کے ایٹمی معاہدے سے الگ ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ 

چائنہ ریڈیو  انٹرنیشنل کے مطابق چین کے ریاستی کونسلر اور وزیرخارجہ وانگ ای نے بیجنگ میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات کی۔اس موقع پر چینی وزیرخارجہ وانگ ای نے کہا کہ چین امریکہ کی جانب سے عائد کردہ یک طریفہ پابندی کی مخالفت کرتا ہے۔چین ایران کے ایٹمی معاہدے کا تحفظ کرتا ہے۔

 وانگ ای نے کہا کہ ایرانی معاہدے پر تنازعات کا بنیاد ی سبب کثیرالجہت پسندی اور یک طرفہ پسندی کے مابین مقابلہ ہے اور کثیرالجہت پسندی تاریخ کی درست سمت ہے۔انہوں نے کہا کہ چین، ایرانی ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ایران کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کرتا ہے اور چین کا ایران کیایٹمی معاہدے سے الگ ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔چین ایران کے ساتھ مل کر رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے ایران کے ایٹمی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کرنا چاہتا ہے۔

چینی وزیرخارجہ وانگ ای نے مزید کہا کہ چین "دی بیلٹ اینڈ روڈ" کی مشترکہ تعمیر میں ایران کی شمولیت کا خیرمقدم کرتا ہے اورامید ہے کہ" دی بیلٹ اینڈ روڈ" کی مشترکہ تعمیر کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کو آگے بڑھایا جاسکے گا۔ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران معاہدے پر عمل درآمد کے لیے چین سمیت مختلف فریقین کے ساتھ صلاح و مشورے کو جاری رکھنا چاہتا ہے۔ایران کو جنگ کی بجائے خلیجی علاقے میں امن و استحکام چاہیئے۔

 اسی لیے ایران ضبط و تحمل سے موجودہ صورتحال سے نمٹے گا۔انہوں نے کہا کہ ایران چین کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور کثیرالجہتی کے تحفظ سمیت "دی بیلٹ اینڈ روڈ" کی مشترکہ تعمیر سے فائدہ اٹھا کر دونوں ممالک کے درمیان ٹھوس تعاون کو مزید مضبوط اور پائیدار کرنا چاہتا ہے۔ملاقات کے موقع پر فریقین نے افغانستان، شام،مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ کی صورتحال سمیت مشترکہ دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔