84

امریکہ: ایرانی تیل کے بعددھاتی شعبوں پر بھی پابندیاں عائد

اسلام آباد: واشنگٹن اور تہران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی میں گزشتہ روز اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب امریکہ نے ایران کے دھات کے شعبوں پر پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔ یہ اعلان وائٹ ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے تیل کے علاوہ آمدنی کے بڑے ذریعے کو نئی پابندیوں کے ذریعے ہدف بنایا گیا ہے۔ ایرانی تیل کی برآمدات پر پابندیوں کے اطلاق کے علاوہ امریکہ کی جانب سے توانائی، جہاز سازی، جہازرانی اوربینکنگ سیکٹرز بھی تعزیرات کی زد میں ہیں۔

امریکہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ایران کو متنبیہ کیا گیا ہے کہ اگر وہ اپنا رویہ اور طریقہ کار تبدیل نہیں کرے گا تو اسے مزید تعزیری اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکی نشریاتی ادارے ’وائس آف امریکہ‘ کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایران کے لوہے، اسٹیل، ایلومینیم اور تانبے کے شعبوں کو پابندیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جن کی برآمدات سے کل ایرانی معیشت کا دس فیصد حاصل ہوتا ہے۔

مؤقر اسرائیلی‘ نے گزشتہ روز عالمی خبررساں ایجنسی کے توسط سے خبر شائع کی تھی کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے واضح کیا ہے کہ اگر عالمی طاقتوں نے2015 کے معاہدے پر عمل دارآمد نہ کیا تو ان کا ملک افزودہ یورینیم اور بھاری پانی کے ذخیرے پر عائد پابندیوں پر عمل درآمد منسو خ کردے گا۔

 ایرانی صدر حسن روحانی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ دستخط کرنے والے دیگر ممالک نے چونکہ معاہدے کی ضروری پاسداری نہیں کی اس لیے ایرانی تیل اور بنکاری کے شعبوں میں امریکی پابندیاں لاگو ہونے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ایران کے صدر نے دیگر ممالک کو اس ضمن میں 60 دن کی مہلت دی ہے جس کے بعد ایران یورینیم کی اعلیٰ سطح کی افزودگی شروع کردے گا لیکن ساتھ ہی حسن روحانی نے واضح کیا ہے کہ اگر دیگر ممالک ایران کا ساتھ دیتے ہیں تو ان کی حکومت معاہدے کی پاسداری جاری رکھے گی.

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پرجاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کے لیے امریکی اقدامات کی روشنی میں ناممکن ہوگیا ہے کہ سب کچھ ایسے ہی چلتا رہے۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ معاہدے پر دستخط کرنے والے دیگر ممالک کے پاس اسے سہارا دینے کی بہت زیادہ گنجائش باقی نہیں رہی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی اسٹیل اور کان کنی کی صنعتوں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان اس وقت کیا ہے جب ایران کی جانب سے 2015 میں ہونے والے معاہدے کے تحت اپنے جوہری پروگرام پر عاید کردہ بعض قدغنوں سے جزوی دستبردار ی کا کہا گیا ہے۔

  امریکی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ایران کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مشرق وسطیٰ میں اس کو توسیع پسندانہ عزائم سے باز رکھنے کے لیے ایک زیادہ جامع سمجھوے کیے جاسکیں۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کے قومی ٹیلی ویژن سے نشر کی گئی تقریر میں صدرحسن روحانی نے کہا تھا کہ سمجھوتے پر دستخط کرنے والے پانچ ممالک جن میں برطانیہ ، فرانس ، جرمنی ، چین اور روس شامل ہیں، کے پاس اب صرف 60 دن باقی ہیں۔

ایرانی صدر نے واضح کیا تھا کہ اس عرصے میں ان ممالک کو ایران کے تیل اور بنکاری کے شعبے کو امریکی پابندیوں سے بچانے کے اقدامات کرنا ہوں گے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اس سے قبل کہ یہ ممالک کسی اقدام کا اعلان کرتے امریکہ نے اس سے قبل ہی ایران کی اسٹیل اور کان کنی کی صنعتوں پر پابندیاں عاید کرنے کا اعلان کردیا۔