35

نامزد سیکرٹری خارجہ آج عہدہ سنبھالیں گے

اسلام آباد۔ نامزد سیکریٹری خارجہ سہیل محمود آج منگل کو مس تہمینہ جنجوعہ کی جگہ پر عہدہ سنبھالیں گے، وہ اسی دن وزارت خارجہ میں 35 سال تک خدمات انجام دینے کے بعد ریٹائر ہو رہی ہیں۔ سہیل محمود بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر تھے، وہ ہفتے کو اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوئے جس کے بعد سید حیدر شاہ متبادل کی تعیناتی تک پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر بن گئے۔ 

سہیل محمود دفتر خارجہ اور کچھ دیگر اہم دفاتر میں منعقدہ بریفنگز میں حصہ لیں گے۔ نئے سیکریٹری خارجہ ایسے حالات میں یہ عہدہ سنبھال رہے ہیں جب پاکستان کو بیرونی محاذ پر سخت چیلنجز کا سامنا ہے۔ بھارت سے خطرات سرفہرست ہیں جہاں عام انتخابات کا عمل جاری ہے اور انتخابی نتائج کے پاکستان کے ساتھ تعلقات پر براہِ راست اثرات ہوں گے۔ 

افغانستان کی صورتحال بھی ایک چیلنج ہے جہاں جنگ زدہ ملک کے مستقبل اور اس کے پاکستان کے تعلقات کے حوالے سے پاکستان کا کردار اہمیت کا حامل ہوگا۔ سہیل محمود وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چین کے دورے پر بھی جائیں گے جبکہ آئندہ اتوار کو دورہ ایران کے موقع پر بھی وہ وزیراعظم کے ساتھ ہوں گے