38

فواد چوہدری کی وزراء کے قلمدان تبدیل کر نے کی تردید

اسلام آباد۔وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے وزراء کے قلمدان تبدیل کر نے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ وزراء کے قلمدان تبدیل کر نا وزیر اعظم کی صوابدید ہے ،وزیر خزانہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کررہے ہیں ، بغیر تصدیق کے خبریں نہ چلایا کریں ، تھوڑا صبر کر لیا جائے تو بہتر ہے ،فنانشنل ٹاسک فورس پر معاملات اچھے جار ہے ہیں۔

آئی ایم ایف سے مذاکرات پر اسد عمر تفصیلی آگاہ کریں گے،تمام مسائل حل ہو جائینگے ۔ پیر کو یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے وفاقی وزرا ء کے قلمدان کی تبدیل کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ وزرا کے قلمدان تبدیل کرنا وزیر اعظم کی صوابدید ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر خزانہ آئی ایم سے مذاکرات کرنے گئے ہیں ،کچھ لوگوں نے ایسی خبریں چلانا شروع کردیں ۔

انہوں نے کہاکہ اب معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں تو اس دوران وزرا کے قلمدان کی تبدیلی کے حوالے سے غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تصدیق کے بغیر خبریں نہ چلائیں ،اس سے ملک کا نقصان ہوتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں بڑے فیصلے ہونے جا رہے ہیں ،تھوڑا صبر کر لیا جائے تو بہتر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فنانشنل ٹاسک فورس پر معاملات اچھے جار ہے ہیں،تمام مشکلات حل ہونے جا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے پیغام بھیجا ہے کہ وزراء کی تبدیلی کے حوالے سے میڈیا پر غلط خبریں چل رہی ہی اس طرح کی خبریں تصدیق کے بغیر نہیں چلنی چاہئیں ۔

انہوں نے کہاکہ غلط خبروں سے ملک کا نقصان ہو گا جس سے میڈیا کا بھی نقصان ہو گا۔انہوں نے کہاکہ جب بھی آئی ایم ایف سے بات حتمی مراحل میں ہوتی ہے اس طرح کی خبریں آتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ آئندہ دو دنوں معیشت کے حوالے سے بڑی خبریں آنے والی ہیں۔ایک سوال پر وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزراء کی کارکردگی رپورٹس وزیراعظم آفس پہنچ چکی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اس لیے وزیر ہیں کیونکہ وزیراعظم عمران خان ان سے مطمئن ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ کسی بھی ردوبدل کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہے،ایسے کسی بھی فیصلے سے متعلق آگاہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف سے مذاکرات پر اسد عمر تفصیلی آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ انشااللہ ہم مضبوط معیشت کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے میں بھی مثبت پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔