38

بی آر ٹی پر کام دو شفٹوں میں جاری رکھنے کی ہدایت

پشاور۔ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر محمد عزیر نے ہفتے کے روز بی آر ٹی کوریڈور کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام متعلقہ افسران سے بریفنگ لی۔ میڈیا کوآرڈینیٹر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بی آر ٹی کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے اور حکومت نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس کو پورا کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاونگا۔

آج میرا دوسرا روز ہے اور میں نے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ بی آر ٹی کی تکمیل تک میں اور میرا کوئی بھی افسر چھٹی نہیں کریگا۔ انہوں نی مزید کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ماہرین نے کام پر تسلی کا اظہار کیا ہے اور اس قلیل عرصے میں سول ورکس مکمل کرنا بہت بڑی کامیابی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کام کی رفتار اور دو شفٹوں میں کام کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی۔

انہوں نے ہشتنگری انڈرپاس پر بھی کام کا جائزہ لیا اور سوئی گیس کے پائپ والے مقام کا دورہ کرتے ہوئے ہدایات جاری کی کہ اس کی فوری منتقلی کو یقینی بنایا جائے۔ بی آر ٹی اس شہر کا مستقبل ہے اور اس کی تکمیل سے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات میسر ہونگی۔ بی آر ٹی ہی اس شہر کے ٹریفک مسائل کا مستقل اور دیر پا حل ہے۔