99

پاک ایران سرحد پر بھی بارڑ لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد ۔پاکستان کی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لئے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے ساتھ ساتھ پاک ایران سرحد پر بارڑ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی نے سر کاری ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ افغانستان سے ملحق سرحد کو محفوظ بنانے کے لئے عسکری قیادت نے گزشتہ سال کے اوائل میں پاک افغان سرحد پر بارڑ لگانے کا کام شروع کیا۔

اس سلسلے میں بلوچستان میں پاک افغان سرحد پر ایک ہزار270کلو میٹر طویل باڑ لگانے کا کام مئی 2018میں پنجپائی سے شروع کیا گیا ،بارڑ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔بارڑ کے ساتھ 250سکیورٹی قلعے اورایک ہزار500واچ ٹاورتعمیر کئے جا رہے ہیں، اس طر ح ہر ایک کلومیٹر پر واچ ٹاور جبکہ ہر 3 کلومیٹر پر ایک سیکیورٹی قلعہ تعمیر ہوگا۔

پاک افغان سرحد پر بارڑ کی تعمیر کاکام رواں سال دسمبر میں مکمل ہوجائے گا ، دوسری جانب حکومت نے عسکری قیادت کے مشورے پر پاک ایران 907کلومیٹر سرحد پر بھی بارڑ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بارڑ بھی پاک افغان بارڑ کی طرز پر لگائی جائے گی ، تاہم تجارت اور آمدورفت کیلئے متعدد راہداری گیٹس بھی بنائے جائیں گے، اسی طرح بعض مقامات جہاں پاکستان، افغانستان اور ایران کی سرحد ملتی ہیں وہاں مشترکہ گیٹس بنائے جائیں گے۔ایرانی حکومت نے پاک ایران سرحد پر بارڑ لگانے پر رضا مندی تو دے دی ہے تاہم پاکستان یہ کوشش کررہا ہے کہ ایران خود بھی کچھ حصے پر بارڑ لگائے تاکہ پاکستان کا مالی بوجھ کم ہوسکے۔