25

بی ٹی آر بس کی ٹکر سے خاتون جاں بحق، ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج

پشاور: پولیس نے بی آر ٹی بس کی ٹکر سے خاتون کے ہلاک ہونے کے واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

گزشتہ روز پشاور میں بی آر ٹی بس کی ٹکر سے 30 سالہ لبنیٰ نامی خاتون جاں بحق ہوگئی تھی، واقعے کی ایف آئی آر خاتون کے شوہر کی مدعیت میں درج کرلی گئی ہے۔ ایف آئی آر میں بی آر ٹی بس کے ڈرائیور سنان کو ملزم ٹھہرایا گیا ہے، جسے پولیس نے گرفتار بھی کرلیا ہے۔ ایف آئی آر میں درج دفعات کے تحت ملزم پر تیز رفتاری اور گاڑی سے ہلاکت کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

دوسری جانب خاتون کو جہانگیر آباد قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں عزیز و اقارب نے شرکت کی تاہم کوئی حکومتی عہدیدار نماز جنازہ میں شرکت کے لیے نہیں آیا۔

واقعے کے بعد بی آر ٹی بسوں کو ٹیسٹ ڈرائیو سے روک دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک کوئی بس ٹیسٹ ڈرائیو روٹ پر نہیں نکلے گی۔