51

ٹرین حادثات‘ شیخ رشید نے قوم سے معافی مانگ لی

اسلام آباد۔وزیر ریلوے شیخ رشید نے حالیہ ٹرین حادثے پر قوم سے معافی مانگ لی‘ مخالفین سن لیں کہ ہم سولہ مزید نئی ٹرینیں چلائیں گے، جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کا مسئلہ پی ٹی آئی کے گھر کی بات ہے گھر کی بات کو گھر میں ہی رہنے دیا جائے تو بہتر ہے، وزیر ریلوے نے جمعرات کو سپر یم کو رٹ کے با ہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حالیہ ٹرین حادثے پر قوم سے معافی مانگ لی۔

انہوں نے کہا کہ لوگ خبریں لگوا رہے ہیں کہ ہم نے فالتو ٹرینیں چلائی ہیں مخالفین سن لیں کہ ہم سولہ مزید ٹرینیں چلائیں گے۔ دس مزید فریٹ ٹرینیں بھی چلائی جائیں گی۔ عمران خان نے پی ایس او کا کام ریلوے کو دلا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کا مسئلہ پی ٹی آئی کے گھر کی بات ہے گھر کی بات کو گھر میں ہی رہنے دیا جائے تو بہتر ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ رائل پام برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہے 2001 سے لاہور کا مافیا دو سو ارب کی زمین پر قابض ہے۔ نوسر باز گروہ دولت کے زور پر سب کو خرید لیتا ہے۔ رائل پام کا کیس اب میں خود لڑوں گا ججز نے کہا ہے کہ آئندہ جمعرات تک کیس نمٹا دیں گے۔ یہ عوام کا پیسہ ہے ہم جو وکیل کریں اسے بھی خرید لیا جاتا ہے۔ وکیل کو دی گئی 45لاکھ فیس کی ریکوری کا بھی سوچیں گے۔ عدالت کے حکم پر نیب ریفرنس دائر ہوچکا ہے۔