539

’بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہیں کررہے‘

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہیں کررہے بلکہ سماجی بہبود اور انسداد غربت کے لیے نیا پروگرام شروع کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے سماجی تحفظ برائے انسداد غربت سے متعلق ڈویژن قائم کردیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، زکوۃ اور بیت المال لوگوں کو پیسے منتقل کررہے تھے تاکہ غریب ترین افراد کو سہارا مل سکے۔

انہوں نے کہا انسداد غربت پروگرام احساس کے ذریعے مختلف پروگرام کا آغاز کیاجارہا ہے، صحت کارڈ، کفالت کا پروگرام شروع کیا جائے گا اور وہ لوگ جو قرضوں کے لیے بینک کو گارںٹی نہیں دےسکتے لیکن کاروبار کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے قرضوں کا پروگرام ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم اسکیم کے تحت سستا گھر اسکیم کا افتتاح بھی جلد کیا جائے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں انڈین پریمیئر لیگ پر پابندی لگائی گئی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ سیاسی تنازعات کو کھیلوں میں، ثقافت میں نہیں آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہریوں، اداکاروں، فنکاروں اور کرکٹرز کی جانب جیسا رویہ رکھا گیا اور ہم نے دیکھا کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم نے فوجی کیپ پہن کر میچ کھیلا۔

خیال رہے کہ 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے غریبوں کی مالی امداد کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا۔بعد ازاں 2013 میں قائم ہونے والی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جاری رکھا تھا۔

تاہم 30 مارچ کو وزیراعظم عمران خان کے دورہ گھوٹکی پر سندھ اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں بشمول پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی جانب سے بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

بعد ازاں 31 مارچ کو وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تےھجا کہ بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کا نام تبدیل کرنے کا ’مطالبہ صرف مشورہ‘ تھا تاہم وہ ذاتی حیثیت میں نام کی تبدیلی کے حق میں نہیں ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا خیال ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور ان کے رہنماؤں نے بی آئی ایس پی کا ’غلط استعمال‘ کیا۔

اس حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کی کوشش کو پروگرام کے خلاف فیصلہ کن سازش قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’یہ صرف محترمہ بینظیر بھٹو کا نام ختم کرنے کی بات نہیں بلکہ اس پروگرام کو ہی ختم کرنے کی سازش ہے‘۔