45

ملک دشمنوں کو نشان عبرت بنا دیں گے ٗ شہریار آفریدی

کراچی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ وہ لوگ جو اندر بیٹھ کر دشمن کی بولی بول رہے ہیں ان کے لئے پیغام ہے کہ قبلہ درست کر لیں، ریاست آپ کو عزت دے گی، گلے لگائے گی اور آپ کا ماتھا چومے گی لیکن جو آئین، قانون اوراس دھرتی ماں کے نقشہ کے خلاف کوئی آواز اٹھائے یا کسی بھی اقدام میں دشمنان کا حصہ بنے تو یاد رکھیئے ان کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔ آج پاکستان اس مقام پر کھڑا ہے جہاں دنیا پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کرنا شروع ہو گئی ہے۔ میں یہ باور کروانا چاہتا ہوں کہ باالعموم سندھ اور باالخصوص کراچی میں امن عامہ کے حوالہ سے ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے سندھ رینجرز کو ان کا مکمل ادراک ہے اور مجھے امید ہے کہ بہترین حکمت عملی کی بدولت باقی ماندہ شرپسندوں کا بھی مکمل قلع قمع کر دیا جائے گا۔ مجھے یہ بھی قوی امید ہے کہ جن عناصر کی وجہ سے کراچی کا امن تباہ ہوا انہیں دوبارہ پنپنے کا ہرگز دوبارہ موقع نہیں ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار شہریار خان آفریدی نے رینجرز ہیڈکوارٹرز کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے جوانوں کی 26ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ رینجرز کی کوششوں سے کراچی میں امن قائم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی کوششوں سے ہمارے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔ سندھ رینجرز نے گذشتہ پانچ برس کے دوران 16ہزار سے زائد آپریشنز کئے۔ رینجرز کے آپریشنز میں بڑی تعداد میں جرائم پیشہ افراد کوگرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کی کاوشوں سے کراچی آج معاشی حب بن گیا ہے، وہ تمام قوتیں ، وہ تمام فورسز جو میرے اور آپ کے اور دھرتی ماں کے دشمن ہیں اور جو اپنی سوچ کے تحت اس دھرتی ماں کے خلاف جو بھی عزائم رکھتے تھے ان کی نفی کا نام سکیورٹی فورسز ہیں، وہ تمام لوگ جو پاکستان کے اندر عوام کے ترجمان بنے ہوئے ہیں ، جمہوریت کے نام پر کسی کے ایجنڈا پر کام کر رہے ہیں ان کے لئے پیغام ہے کہ ریاست اب بلیک میل نہیں ہو گی ،کوئی دباؤ ریاست نہیں لے گی ۔

ملک کے آئین اورقانون پر کوئی سودے بازی نہیں ہو گی، اب کوئی باہر سے ٹیلی فون کال کے ذ ریعہ کراچی یا پاکستان کو مفلوج نہیں کر سکے گا ۔ میرے اللہ نے چاہا تو اب باہر سے پاکستان کے فیصلے ڈکٹیٹ نہیں کر سکے گا، اب ریاست پاکستانیوں کی عزت اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔ ا نہوں نے کہا کہ آنے والا وقت پاکستان کا اور پاکستانیوں کا ہے اور ہم ایسی قوم بننے جا رہے ہیں جس پر آنے والی نسلیں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا فخر کرے گی اور میرا ایمان ہے کہ روز محشرامام الانبیاء حضرت محمدمصطفیٰ ﷺ پاکستانیوں پر، افواج پاکستان پر ، سول آرمڈ فورز پر اور آپ سب پر انشااللہ فخر کریں گے۔ واضح رہے کہ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔