30

قبائلی اضلاع کے بلدیاتی اداروں کیلئے نئی آسامیاں

پشاور۔خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کے بلدیاتی اداروں کے لئے آئندہ مالی سال میں محکمہ بلدیات کے لئے گریڈ ایک سے گریڈ اٹھارہ تک کی 146نئی آسامیاں پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے تجا ویز محکمہ خزانہ کو ارسال کر دی گئی ہیں۔

محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق ان آسامیوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، سٹینو گرافرز، جونیئر کلرکس، ڈرائیورز کے علاوہ کلاس فور کی آسامیاں شامل ہیں۔ان آسامیوں پر تقرریوں کی صورت میں افسرو ں اور ملازمین کے مختلف الاؤنسز اور یوٹیلٹی بلز کی مد میں22لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق قبائلی ضلع باجوڑ کے لئے گریڈ ایک سے 17تک کی 17آسامیاں،ضلع خیبر کے لئے گریڈ ایک سے17تک کی 14آسامیاں ، ضلع کرم کے لئے گریڈ ایک سے 17تک کی 12آسامیاں ضلع شمالی وزیرستان کے لئے گریڈ ایک سے گریڈ17تک کی 20آسامیاں جنوبی وزیرستان کے لئے گریڈ ایک سے سولہ کی دس آسامیاں پیدا کی جائیں گی۔ اسی طرح ایف آر پشاور کے لئے پانچ، ایف آر بنوں کے لئے 9، ایف آر کوہاٹ کے لئے دو، ایف آر ڈی آئی خان کے لئے پانچ جبکہ ایف آر ٹانک کے لئے چودہ آسامیاں پیدا کی جائیں گی ان آسامیوں پر تقرریوں کی صورت میں مذکورہ افسران اور ملازمین کے لئے الاؤنسز اور دیگر اخراجات کی مد میں22لاکھ23ہزار ماہانہ کے اخراجات کاتخمینہ بھی لگایا گیا ہے جسے نئے مالی سال کے بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔