35

بجلی کے خراب میٹروں کی فوری تبدیلی کا حکم

پشاور ۔صارفین کو بہترسہولیات کی فراہمی ،لائن لاسز،ریکوری کے حوالے سے واپڈا ہاؤس پشاور میں چیف ایگزیکٹیوپسکوانجینئر ڈاکٹر محمدامجدخان کی زیرصدارت ،سوات سرکل اور بنوں سرکل کی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں جنرل منیجر آپریشن شیرعباس خان، جنرل منیجرکمرشل شبیراحمد249،ایس ای سوات سرکل محمداسرار،ایس ای بنوں سرکل نوراللہ خان اورپسکو کے اعلی افسران نے شرکت کی،ایس ایز نے اپنے سرکل کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ دی، اجلاس میں بجلی چوری کے خلاف جاری مہم اور کنڈوں کے خاتمے کا فیڈروائز جائزہ لیا گیا

لائن لاسز اورریکوری کے بارے میں اب تک کی پیش رفت کے بارے میں بات چیت کی گئی، اجلاس میں چالو اورمنقطع شدہ نادہندہ گان سے بقایا جات کی وصولی کا جائزہ لیا گیا ،چیف ایگزیکٹیوپسکو نے ایس ایز کو ہدایت کی کہ بقایاجات کی وصولی کے لئے سخت اقدامات اٹھائے جائیں اور عدم ادائیگی پرفوری طورپربجلی منقطع کی جائے،اجلاس میں پرانے اورناکارہ میٹروں کی تبدیلی کے بارے میں بھی ہدایات جاری کی گئیں، چیف ایگزیکٹیو نے خراب میٹروں کی تبدیلی کے ضمن میں ہونے والی پیش رفت کاجائزہ لیتے ہوئے تمام سرکلز کو ہدایت کی کہ فوری طورپر خراب میٹروں کو تبدیل کریں، ناکامی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا، اجلاس میں لیبارٹری کو بھیجے گئے میٹروں کی ترسیل اوراس بارے میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، تمام ایس ڈی اوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ محنت کرکے اپنی کارکردگی بہتربنائیں۔

چیف ایگزیکٹیونے کہاکہ صارفین کے مسائل کوحل کرنے میں ان کی راہنمائی کریں اور ان کے بجلی سے متعلقہ مسائل کو حل کریں،چیف ایگزیکٹیوپسکو نے کئی ڈویژنز کی ریکوری پوزیشن اورلاسز میں اضافہ پرعدم اطمینان کا اظہار کیا ، اجلاس میں توانائی بحران کے تناظر میں بھی بات چیت کی گئی اورصوبے بھر میں بجلی کے ناجائز استعمال کے خلاف اورریکوری کی جاری مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ،چیف ایگزیکٹیونے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں کسی سے رورعایت نہ کی جائے کیونکہ بجلی کا ناجائز استعمال اورڈائریکٹ کنڈے تمام مسائل کی جڑ ہیں اس سے ایک طرف تو پسکو لاسز میں اضافہ ہوتا ہے دوسری طرف بجلی فراہمی نظام شدید اوورلوڈہوجاتا ہے جوبجلی فراہمی میں باربارتعطل کا باعث بنتا ہے ،

اس لئے اس مہم میں تیزی لائی جائے اور کنڈے ڈالنے والوں اور بجلی کا ناجائز استعمال کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے ،عوام کے منتخب نمائندے اس سلسلے میں اہم کردارادا کرسکتے ہیں اگر وہ عمائدین علاقہ اور عوام میں بجلی چوری کے خلاف اور بجلی بلز کی ادائیگی کا شعورپیدا کریں تو کافی مسائل حل ہوسکتے ہیں،کیونکہ کنڈے اور بجلی کا ناجائز استعمال سسٹم کی اوورلوڈنگ کا باعث ہے جس سے بجلی فراہمی نظام باربارٹرپ کرجاتا ہے ،جنرل منیجرآپریشن شیرعباس خان کی زیرنگرانی ہزارہ 1 اور 2 سرکلز کی کانفرنس بھی واپڈا ہاؤس میں منعقد ہوئی جس میں ایس ای ہزارہ 1 سرکل قاضی محمدطاہر،ایس ای ہزارہ 2 سرکل محمدزبیرخان،ڈی سی ایمز،ریونیوآفیسرز نے شرکت کی،اجلاس میں صارفین کو بہترسہولیات کی فراہمی اورفیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا،

جی ایم نے تمام ایس ایز پرزوردیا کہ وہ ایمانداری اورمحنت سے کام کریں ، انہوں نے تمام ایس ایز کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں درپیش مسائل کے بارے میں مجھے بروقت آگاہ کریں،منیجمنٹ کا مکمل تعاون آپ کے ساتھ ہوگا اور اس ضمن میں درپیش مسائل کوحل کیا جائے گا،انہوں نے واضح کیا کہ جزا اورسزا کا قانون سب پر لاگو ہوگا اچھے کام کرنے والوں کو توصیفی سرٹیفیکٹس اور انعامات دئیے جائیں گے جبکہ خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت انضباطی کاروائی کی جائے گی ، انہو ں نے مزید کہا کہ اہداف کے حصول میں کامیابی سے آپ اور محکمہ کی عزت بڑھے گی،آپ کے تعاون سے پسکو کو ایک منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا ۔