35

ایبٹ آباد میں کارروائی، 2 اہم دہشتگرد گرفتار ​​​​​​​

مانسہرہ: حساس اداروں نے ایبٹ آباد سے تحریک طالبان کراچی کے دو اہم دہشتگرد گرفتارکرلئے ہیں۔

حساس اداروں نے خیبرپختونخوا میں ضلع مانسہرہ کے شہر ایبٹ آباد میں کارروائی کرتے ہوئے تحریک طالبان کے دو اہم دہشتگرد گرفتار کرلئے، دونوں دہشت گردوں کا تعلق ٹی ٹی پی کراچی کے کرائم کنٹرول کمیٹی سے ہے، دہشتگرد شاکر اللہ تورغر مانسہرہ اور عبدالرحیم کا تعلق مٹہ سوات سے ہے۔

گرفتار دہشتگرد کراچی میں رینجرز اور پولیس پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، بم بلاسٹ، ڈکیتیوں سمیت دیگر سنگین کارروائیوں میں مطلوب ہیں اور دہشتگرد قصبہ موڑ پولیس موبائل حملہ، منگھو پیرپولیس پر فائرنگ سمیت ایم سی بی بینک، کٹی پہاڑی ڈکیتی، قصبہ کالونی ،امام بارگاہ حملہ، میٹرو سینما کے قریب کاکا سواتی کی ٹارگٹ کلنگ، سیاسی ورکرز کی ہلاکتوں میں بھی ملوث ہیں جب کہ دہشت گرد محفوظ عرف بھالو گینگ وار حملے اور پراچہ ہسپتال گرنیڈ حملہ میں بھی ملوث ہے۔