33

ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کیلئے جامع منصوبہ تیار

اسلام آباد۔حکومت پاکستان نے ٹیکس دہندگان میں اضافے کیلئے جامع منصوبہ لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے بزنس کمیونٹی کے وفد سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج ، پاکستان بزنس کونسل سمیت مختلف چیمبرکے عہدیداران بھی موجود تھے۔ حکومتی وزراء سمیت مشیروزیراعظم عبدالرزاق داد اورڈاکٹرعشرت حسین نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے پہلے 6 ماہ معیشت کو درپیش مسائل پر قابو پانے پر لگائے ہیں۔صدر اوورسیز انویسٹر چیمبر نے انٹرنیشنل کانفرنس منعقد کروانے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کانفرنس پاکستانی معیشت میں ہونے والی بہتری بتانے میں مددگار ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لئے عالمی برادری سے مثبت ردعمل آیا ہے۔

تجارت اور سرمایہ کاری ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے بھی ملاقات کی ہے۔وزیراعظم کو وفاقی دارالحکومت کے ماسٹرپلان میں تبدیلی اورترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے اسلام آباد کوماڈل سٹی بنانے کیلئے علی اعوان کواقدامات تیزکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد دنیا کے خوبصورت شہروں میں سے ایک ہے جس کی خوبصورتی بڑھانے سمیت ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی افراد کوصحت اورتعلیم کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ہوں گی ، وزیراعظم نے بے سہارا بچوں کوتعلیمی اداروں میں داخل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ملاقات میں وزیر خزانہ ،وزیر صحت ،معاون خصوصی علی نواز اعوان اور رکن اسمبلی راجہ خرم نواز کے علاوہ معاون خصوصی نعیم الحق اور کمشنر اسلام آباد عامر احمد علی بھی شریک ہوئے