34

ملک نازک دور سے گزر رہا ہے اس لیے ہم چپ ہیں، آصف زرداری

 لاہور: سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے اس لیے چپ ہیں ورنہ حکومت کو مشکل میں ڈالنے کے لئے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔

بلاول ہاؤس لاہور میں سابق صدر اور شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری سے قمرزمان کائرہ اور حسن مرتضی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال، پنجاب کی تنظیمی اور سیاسی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ وفاقی حکومت صوبوں کے حقوق غصب کر رہی ہے، وفاق سندھ اور بلوچستان کے مالی وسائل نہیں دے رہا، مجھے پتہ ہے کہ پنجاب میں بھی اپوزیشن ارکان کو ایک نلکا تک نہیں دیا جا رہا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے اس لیے ابھی ہم چپ ہیں، سیاست کرنے پر آئیں تو بہت اچھا کھیل سکتے ہیں تاہم ملکی حالات اجازت نہیں دے رہے کہ پارٹی سیاست کریں، حالات اجازت دیتے تو حکومت کو مشکل میں ڈالنے کیلئے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔

شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیاست بدلے گی، قائدین عوام کے ساتھ رابطے بڑھائیں، میں خود بھی جلد جنوبی پنجاب سے پنجاب کے دورے کا آغاز کروں گا، پنجاب اسمبلی میں ہماری تعداد کم سہی لیکن آواز توانا ہے۔