36

مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا، ایئر چیف

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ مادرِ وطن کی سالمیت اور دفاع کے فریضے کو بطریقِ احسن انجام دینے پر پوری قوم پاک فضائیہ پر نازاں ہے۔

ایئر مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے فارورڈ آپریٹنگ بیسز کا دورہ کیا۔

انہوں نے اپنے دورے میں ان بیسز پر ہوا بازوں، ائیر ڈیفنس، انجئیرنگ اور سیکیورٹی پر مامور عملے سے ملاقات بھی کی۔

اس موقع پر ائیر چیف نے دشمن کے خلاف حالیہ فضائی کامیابی کے دوران عملے کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ عملے سے بات چیت کررہے ہیں — فوٹو بشکریہ پاک فضائیہانہوں نے کہا 'ہم خدائےِ ذوالجلال کے حضور سربسجود ہیں، جس نے ہمیں یہ طاقت دی کہ ہم اپنی قوم کی اُمیدوں پر بھرپور انداز میں پورا اتر سکے۔

ایئر چیف مارشل نے مزید کہا کہ دشمن کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں مادرِ وطن کی سالمیت اور دفاع کے فریضے کو بطریقِ احسن انجام دینے پر پوری قوم پاک فضائیہ پر نازاں ہے'۔

انہوں نے عملے کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا، ہمیں اب بھی دشمن کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا بھرپورجواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا۔