124

وزیراعظم عمران خان کا گرفتار بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز گرفتار کئے گئے بھارتی پائلٹ ابھے نندن کو کل رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور اپوزیشن کا شکر گزار ہوں، ایسا وقت جب بیرونی خطرات کا سامنا ہے پوری قوم متحدہ ہے، وزیراعظم بننے کے بعد بھارت کو امن کا پیغام بھیجا لیکن کوئی جواب اچھا نہیں آیا، میں نے کہا تھا کہ بھارت دوستی کی طرف ایک قدم بڑھائے ہم دو قدم بڑھائیں گے لیکن کوئی مثبت ردعمل نہیں آیا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھارت میں الیکشن کی وجہ سے جنگی ماحول پیدا کر رکھا ہے تاہم بھارت ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کمزوری نہ سمجھے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موقع ملا تو ہم نے کرتارپور راہدارہ کھولی تاکہ معاملات آگے بڑھیں، کرتار پور راہداری کھولنے کے باوجود بھی بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوف تھا کہ بھارت میں انتخابات سے پہلے کوئی نہ کوئی واقعہ ہوگا جسے الیکشن میں استعمال کیا جائے گا تاہم  پاکستان کو پلوامہ حملے سے ملنا کیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے بھارت سے کہا ہمیں ثبوت دیں ہم کارروائی  کریں گے تاہم بھارت انتخابات کی وجہ سے بہتر جواب نہیں  دے رہا تھا، پلوامہ حملے کے تھوڑی دیر بعد ہی پاکستان پر الزام لگادیا گیا، بھارت نے آج پلوامہ حملے پر ڈوزیئر بھیجا ہے۔