97

بھارتی جارحیت ٗ خیبر پختونخوا اسمبلی میں قرارداد منظور

پشاور۔خیبرپختونخوااسمبلی نے بھارتی جارحیت کیخلاف قرارداد متفقہ طو رپر منظورکرلی ٗ اپوزیشن نے جائیکا پراجیکٹ میں فنڈزنہ ملنے پراحتجاج کے باوجود قراردادکی حمایت کی ٗ قرارداد پی ٹی آئی کے رکن لیاقت علی نے پیش کی ٗ قراردادکے متن کے مطابق بھارت نے رات کی تاریکی میں مظفر آباد سیکٹر پر ایک نہایت بزدلانہ حملہ کیاہے جبکہ پاکستان کے شیر دل جوانوں نے جوابی کاروائی کی تو بھارتی دم دبا کربھاگ نکلے، شکر ہے کہ کوئی جانی اورمالی نقصان نہیں ہوا ۔

پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو اپنے پڑوسیوں کیساتھ برادرانہ تعلقات کا متمنی ہے لیکن اگر کسی پڑوسی یا بیرونی جارحیت کے نتیجے میں پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری خطرے میں پڑے تو پاکستان کو اس کا جواب اچھی طرح دینا آتا ہے تاریخ اس بات کی گواہ ہے لہٰذا یہ اسمبلی صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے سفارش کرے کہ بھارت کے سفیر کوطلب کرکے اس واقعے کی مذمت کرے اور بھارت کو واضح الفاظ میں یہ بتادیاجائے کہ اگر آئندہ اس نے ایسی حرکت کی تو پاکستان اپنی دفاع کاحق رکھتے ہوئے اسے منہ توڑجواب دے گاخیبرپختونخوااسمبلی میں حکومت اوراپوزیشن اراکین نے بھارت کی طرف سے پاکستان میں بزدلانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ ہمارا نعرہ ہے بٹ کے رہیگا ۔

ہندوستان، کشمیر بنے گا پاکستان،مقبوضہ کشمیر بھی پاکستان کا حصہ بن کر رہیگا، پاکستان کی سیاسی جماعتیں اور پوری قوم بھارتی جارحیت کیخلاف ایک ہے دونوں ممالک کے بہتر تعلقات عوام کے مفاد میں ہیں اگر پاکستان کی طرف بھارت نے میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو گھر گھر سے بچہ نکلے گا۔صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر پیپلزپارٹی کی خاتون رکن نگہت یاسمین نے نکتہ اعتراض پر کہاکہ ہم بھارتی کی بزدلانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہیں۔

مودی ان اوچھے ہتھکنڈوں سے الیکشن نہیں جیت سکتے ہم حکومت اور پاک فوج کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اگر پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا گیا تو گھر گھر سے بچہ نکلے گاسیاسی اختلافات بلاتر ہوکر پوری قوم بھارتی جارحیت کیخلاف ایک ہے،اے این پی کے سرداربابک نے کہاکہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے، پاکستان کی سیاسی جماعتیں اور پوری قوم بھارتی جارحیت کیخلاف ایک ہے ۔

دونوں ممالک کے بہتر تعلقات عوام کے مفاد میں ہے، انہوں نے کہاکہ بھارتی بزدلانہ کارروائی کیخلاف پوری قوم ایک جھنڈا اٹھائے گی اور وہ پاکستان کا جھنڈا ہوگا انڈیا کو ہوش کے ناخن لینے چاہئے، ہم ملک، عوام اور وزارت عظمیٰ کیساتھ ہیں۔ن لیگ کے اورنگزیب نلوٹھہ نے کہاکہ پاک آرمی کوسلام پیش کرتاہوں بھارت نے پاکستا ن کومیلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم سیسہ پلائی دیواربن کرپاک فوج کیساتھ کھڑی ہوگی ہماری فوج دنیاکی نمبرون فوج ہے مودی نہ صرف پاکستان بلکہ انڈیا اور اس کے عوام کا بھی دشمن ہے جودونوں مالک کو لڑوانا چاہتاہے ہماراملک ایٹمی قوت ہے جومنہ توڑجواب دینے کی صلاحیت رکھتاہے۔

ڈپٹی سپیکر محمودجان نے کہاکہ الزام تراشی سے کچھ نہیں ہوتا،ثبوت ہے تو انڈیا حوالے کرے کشمیر کے لوگ بھی آزادی مانگ رہے ہیں،ہمارا نعرہ ہے بٹ کے رہیگا ہندوستان، کشمیر بنے گا پاکستان،کشمیر بھی پاکستان کا حصہ بن کر رہیگا،پی ٹی آئی کے رکن فضل الہیٰ نے کہاکہ افغانستا ن میں انڈیا کے اڈے موجود ہیں جہا ں کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کررہا ہے بلوچستان میں بھی بھارت کارروائی کررہاہے ہم اپنے خون سے ملک کی دفاع کرینگے۔