97

بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے، شہباز شریف

اسلام آباد۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارت نے جنگ شروع کی تو نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا،بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اورجنوبی ایشیا کے امن کواپنے ہاتھوں سے آگ میں نہ دھکیلے، ہمیں اپنے بیٹوں، مادر وطن کے سجیلے جوانوں پر ناز ہے، مادر وطن کے تحفظ کی خاطرخون بہانے محاذ جنگ پر جانے کے لئے تیار ہوں۔

شہباز شریف نے بھارتی فضائیہ کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندرمودی خاکروبوں کے پا ؤ ں دھونے سے بڑا کام بیگناہ انسانوں اورغریبوں کوجنگ کی بھٹی میں نہ دھکیل کر کرسکتے ہیں، مودی ایک طرف غریبوں کے پا ؤ ں دھو رہے ہیں دوسری طرف نہتے کشمیریوں اور دیگر مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں۔صدر مسلم لیگ (ن)نے کہا بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اورجنوبی ایشیا کے امن کواپنے ہاتھوں سے آگ میں نہ دھکیلے، پاکستان کی امن پسندی اور تحمل مزاجی کو کمزوری سمجھنا بھارت کی سنگین غلطی ثابت ہوگی۔

شہباز شریف نے کہا مسلم لیگ (ن)کے ورکر ملک بھر میں مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں، ہماری مسلح افواج جذبہ شہادت، پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال جرات و بہادری کا پیکر ہیں، ہمیں اپنے بیٹوں، مادر وطن کے سجیلے جوانوں پر ناز ہے، مادر وطن کے تحفظ کی خاطرخون بہانے محاذ جنگ پر جانے کے لئے تیار ہوں۔