188

حواس باختہ بھارت کے کامیابی کے بھونڈے دعوے

کراچی: پاک فضائیہ نے گزشتہ رات فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیاروں کو دم دبا کربھاگنے پر مجبور کردیا لیکن اس کے باوجود بھارتی حکومت اورمیڈیا انتہائی بھونڈے انداز میں اپنی ناکامی کو کامیابی ثابت کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

بھارتی حکومت اوراس کا میڈیا پاکستان مخالفت میں اتنا اندھا ہوگیا ہے کہ اسے اپنے پیروں میں لگی آگ ہی نظرنہیں آرہی، پلوامہ حملے کے بعد ابھی ٹماٹر والا معاملہ تھما نہیں تھا کہ بھارتی میڈیا کو اپنی فضائیہ کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا جُھنجُھنا مل گیا۔ رات کے اندھیرے میں بھارتی جنگی جہاز سرجیکل اسٹرائیک کا خواب آنکھوں میں سجائے آزاد کشمیر کی فضائی حدود میں داخل ہوئے لیکن انہیں اندازہ نہیں تھا کہ پاک فضائیہ کے شاہین چوکنا ہوئے بیٹھے ہیں۔ ابھی وہ سرحدی حدود میں گھسے ہی تھے کہ مسلح افواج نے انہیں دم دبا کر بھاگنے پر مجبور کردیا۔

پاکستان کی بروقت جوابی کارروائی پر بھارتی سورما اتنے حواس باختہ ہوئے کہ انہوں نے اپنا بارودی مواد خالی جگہ پر ہی پھینک کر پتلی گلی سے نکلنے میں عافیت جانی۔

پاک فوج نے قوم کو بروقت تمام صورت حال سے آگاہ کیا لیکن بھارتی میڈیا مرغے کی ایک ٹانگ کی طرح ناکامی کو ماننے کے بجائے اسے کامیاب کارروائی گردان رہا ہے بلکہ اپنے عوام کو بھی گمراہ کررہا ہے۔ اس کا دعویٰ ہے کہ بھارتی فضائیہ کے میراج طیاروں نے آزاد کشمیر کی حدود میں گھس کر بالاکوٹ میں کالعدم جیش محمد کے ان ٹھکانوں پر ایک دو نہیں بلکہ سیکڑوں لیزر گائیڈڈ بم برسائے جن کا مجموعی وزن ایک ہزار ٹن سے زیادہ تھا۔

پاکستان دشمنی میں اندھے بھارتی میڈیا کا دعویٰ تھا کہ جیش محمد کا یہ ٹھکانہ 7 ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیلا تھا اوراس بمباری میں 200 سے 300 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے حالانکہ حقیقت یہ اس کے بالکل برخلاف ہے۔ درحقیقت بھارتی طیارے تو اپنی جان بچانے کے لیے بموں کو ادھر ادھر پھینک کر ہی بھاگ نکلے۔

میں نہ مانوں کی بدترین مثال بنے بھارتی میڈیا کو اتنی عقل نہیں کہ اگراتنا بارودی مواد کہیں بھی پھٹتا تو اطراف کے ملکوں میں بھی ہاہاکار مچ جاتی لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ یہ سب کچھ ظاہر کرتا ہے کہ حقیقت وہی ہے جو پاکستان کی جانب سے بتائی جارہی ہے۔

اور تو اور عقل کا اندھا اور کانوں کا کچا بھارتی میڈیا ایک جانب اپنی کامیابی کے جھوٹے دعوے کرتے نہیں تھک رہا تو دوسری جانب مودی سرکار نے نئی دہلی میں اپنی فوج کی ناکامی پر سر جوڑ لیے ہیں، وہ بھی اب یہ سوچ رہے ہیں کہ وہ اپنے بھگوڑے فوجیوں کو سورما اور عبرتناک ہزیمت کو فتح ثابت کرنے کے لیے کیا ثبوت پیش کرے کیونکہ پلوامہ حملے پر بھی ساری کی ساری الزام تراشی دھری رہ گئی ہے اور بھارت کے اندر ہی سوالات اٹھائے جانے لگے ہیں۔