41

ایم ڈی پی ٹی وی کو ہٹانے کا فیصلہ

اسلام آباد۔وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے تمام اراکین نے ایم ڈی پی ٹی وی کو ہٹانے کا کہاہے اور کمیٹی اب اپنی سفارشات وزیر اعظم کو بھیجے گی ۔ جس کے بعد فیصلہ وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا لیکن میرے خیال میں ایم ڈی پی ٹی وی کو ازخود استعفٰی دے دینا چاہئے ۔ 

ان خیالات کا اظہار فواد چودھری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے پی ٹی وی مظاہرین کو مسئلہ وزیر اعظم کے علم میں لانے کی یقین دہانی کرائی ہے کیونکہ کمیٹی کے تمام اراکین نے بھی ایم ڈی پی ٹی وی کو ہٹانے کا کہا ہے اور اب کمیٹی کی تمام سفارشات وزیر اعظم کے پاس جائیں گی اور اب فیصلہ وزیر اعظم ہاؤس میں ہونا ہے جب تک چیئرمین نہیں ہو گا ۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز کیسے کام کریں گے ۔ میرے خیال میں ایم ڈی پی ٹی وی کو ازخود استعفٰی دے دینا چاہئے ۔دوسری جانب قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے بھی صحافیوں کو بتایا کہ کسی نے کوئی ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کو ہٹانے کی سفارش نہیں کی بلکہ کمیٹی نے معاملے پر مزید تفصیلات اگلے اجلاس میں طلب کی ہیں اور آئندہ اجلاس میں ایم ڈی پی ٹی وی کو بھی بلایا ہے ۔

نجی چینل سے بھی گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ اس وقت حالات جس طرف جا رہے ہیں ان کو فوری نہ سنبھالا گیا تو ٹی وی بند ہو جائے گا ویسے بھی ایم ڈی کی پوسٹ ختم ہو چکی ہے اور نئے ایم ڈی کے لئے درخواستیں آ رہی ہیں ظاہر ہے کہ اب ایم ڈی نے تو تبدیل ہونا ہے ۔