139

جنگیں کسی مسئلے کا حل نہیں ‘ احسن اقبال

نارووال۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ جنگیں کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتیں‘ جدید دور کی جنگیں بڑی تباہی لاتی ہیں‘ پاکستانی قوم خطے کے مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتی ہے‘ کسی نے میلی نگاہ سے دیکھا تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا‘ ملک کو ایٹمی قوت بنانے والا غدار نہیں ہوسکتا‘ موجودہ حکومت کردار کشی کررہی ہے اور پگڑیاں اچھا رہی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک بھارت مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہئے۔ جنگیں تباہی لاتی ہیں مسائل کا حل نہیں۔ جدید دور کی جنگیں بڑی تباہی پھیلاتی ہیں۔ جنگیں امن اور ترقی کا پیغام نہیں دیتیں۔ پاکستانی قوم امن سے خطے کے مسائل کا حل چاہتی ہے۔

پاکستانی قوم خوددار ہے کسی نے میلی نگاہ سے دیکھا تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ وہ گزشتہ روز نارووال میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو اگر سو سال بھی حکومت ملے تو اس نے اپنی ناکامیوں کا ملبہ نواز شریف پر ہی گرانا ہے۔ قوم کو خودداری اور سادگی کا درس دینے والے عمران خان تین سو کنال کے گھر میں رہتے ہیں جبکہ ٹیکس ایک لاکھ روپے ادا کرتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا۔ وہ غدار نہیں بلکہ محب وطن ہیں۔ ان کی کردار کشی کی جارہی ہے۔ نواز شریف تین دفعہ ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں جنہیں نے دنیا کے دباؤ کو ٹھکرا کر ایٹمی دھماکہ کیا آج وہی ایٹمی چھتری والا پاکستان ناقابل تسخیر ہے۔ جو سی پیک لے کر آیا وہ غدار ہے یہ کردار کشی کون کررہا ہے جانتے ہیں۔ پی ٹی آئی والے پگڑیاں اچھال رہے ہیں۔