66

جنگ سے انسانیت کی تذلیل ہوگی، شہریار آفریدی

پشاور۔ وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ جنگ سے کسی کا فائدہ نہیں صرف انسانیت کی تذلیل ہوگی،پاکستان امن کا داعی ہے، بھارت الزام لگانا چھوڑ دے اور بات کرے،اقوام متحدہ کے چارٹر کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں۔ پشاور میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ ہمیں کوئی یہ نہ بتائے کہ جنگ کیا ہوتی ہے، جنگوں سے کچھ نہیں ملا ، جنگ سے کسی کا فائدہ نہیں صرف انسانیت کی تذلیل ہوگی ، قبائل کے غیور عوام جنگوں سے متاثر ہوئے،۔

پاکستان امن کا داعی ہے، خدا کے لئے پاکستان کو جنگ میں نہ دھکیلا جائے، بھارت الزام لگانا چھوڑ دے اور بات کرے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، وزیر اعظم نے صاف کہہ دیا کہ بھارت الزام لگارہا ہے تو ثبوت بھی پیش کرے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ یہ ضروری نہیں کہ آج جو اقتدار میں ہیں تو ان کے بچے بھی مستقبل میں بر سر اقتدار ہوں، آج کے دور میں تعلیم صرف پیسے کمانے کے لئے حاصل کی جاتی ہے۔

آج کا نظام خود کما کر اور دوسرے کو ذلیل کرنا ہے، جب انسان اپنی بنیاد سے ہٹ جاتا ہے تو اپنا مقام کھو دیتا ہے، ہمیں انسانیت کو عزت دینی ہے۔ ملک کی معاشی صورت حال بہتر ہورہی ہے اور سیاحت کو فروغ ملا ہے، پہلے حکمران ذاتی مفاد کو ملکی مفاد سے آگے رکھتے تھے، اب ملک میں حکمران اور عوام سب جوابدہ ہیں۔