81

نواز شریف کی انجیو گرافی معمہ بن گئی

لاہور۔ جناح ہسپتال کے میڈیکل بورڈ کی سفارشات کے باوجود سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اینجیو گرافی معمہ بنی ہوئی ہے ،شہباز شریف ،مریم نواز اورذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی عیادت اور علاج کے حوالے سے مشاورت بھی کی ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا میڈیکل بورڈ کی سفارشات کے مطابق علاج معالجہ معمہ بنا ہوا ہے ، گزشتہ روز بھی ڈاکٹروں نے نواز شریف کا معمول کا چیک اپ کیا ۔ نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف ،صاحبزادی مریم نواز اورذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ان سے ملاقات کر کے عیادت کی ۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر نواز شریف کے علاج کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے عمران خان کی جانب سے نواز شریف کے علاج پر 28کروڑ کے اخراجات کے بیان پر کہا کہ لغویات کا کوئی جواب نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر احتساب کے نام پر پتھر نہیں مارا جاسکتا،یہ نہیں ہو سکتا کہ اپنے خلاف انکوائری پر کچھ نہ کیا جائے اور باقیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے۔مریم نواز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کی رہائی کے سوال کے جواب میں کہا کہ وقت گزر جاتا ہے اور سچ سامنے آجاتا ہے ۔

شہباز شریف کی رہائی سچ کی فتح ہے اور اب انشا اللہ فتح کا موسم آنے والا ہے ۔ مریم نواز نے کیمرہ لگنے کے واقعہ پر کہا کہ مجھے پتہ ہے ڈیوٹی کے دوران دھکم پیل ہو جاتی ہے ،کیمرہ مین میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہے۔ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نواز شریف کے علاج پر 28کروڑ روپے کے اخراجات کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ علاج کے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کرتے رہے ہیں۔

نواز شریف نے وزارت عظمی کے دوران بھی اپنے علاج پر آنے والے اخراجات خود اٹھائے ۔لندن میں دل کے بائی پاس آپریشن کے اخراجات بھی نواز شریف نے ذاتی حیثیت میں ادا کئے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری پر سیاست نہیں کرنی چاہیے ،نواز شریف محسن پاکستان ہیں،انکی بیماری پیچیدہ ہے قوم ان کی صحت کے لئے دعا کرے ۔انہوں نے نواز شریف کی اینجیو گرافی کے حوالے سے سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ علاج کے حوالے سے بہتر معلومات پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عارف تجمل ہی دے سکتے ہیں۔مسلم لیگ (ن)قصور کے رہنماخادم حسین قصوری کی جانب سے پھولوں سے بنا ہوا نواز شریف کے نام کے حروف کا گلدستہ لایا گیا ۔ خادم حسین قصوری اور ان کے ہمراہ آنے والے رہنماؤں اور کارکنوں نے نواز شریف کی صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ۔